پاکستان کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے دستاویزات کی آن لائن تصدیق اور الیکٹرانک سرٹیفکیٹ (e-Certificate) کی سہولت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ اس سہولت کے ذریعے شہری آن لائن درخواست دے سکتے ہیں، تاہم یورپی ممالک میں پاکستانی دستاویزات جمع کرانے سے پہلے متعلقہ اداروں سے ڈیجیٹل اپوسٹیل کی قبولیت کی تصدیق کرنا ضروری ہے۔
برطانیہ، اسپین، فرانس، اٹلی، پرتگال، بیلجیئم، آئرلینڈ اور سوئٹزرلینڈ سمیت متعدد ممالک میں پاکستان کے اپوسٹیل کنونشن کے اطلاق سے متعلق معاملات میں سہولت موجود ہے۔ تاہم پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے نئے الیکٹرانک اپوسٹیل کو عملی طور پر قبول کرنے کا طریقہ متعلقہ سرکاری ادارے سے معلوم کرنا چاہیے۔
دوسری جانب جرمنی، نیدرلینڈز، آسٹریا، ڈنمارک، فن لینڈ، پولینڈ، یونان اور چیک ریپبلک جیسے ممالک نے پاکستان کی اپوسٹیل کنونشن میں شمولیت پر اعتراضات درج کرائے تھے۔ اس وجہ سے ان ممالک میں پاکستانی دستاویزات کی تصدیق کے لیے اضافی قانونی یا سفارتی تقاضے پیش آسکتے ہیں۔ اس لیے کسی بھی فیس کی ادائیگی سے قبل متعلقہ سفارت خانے یا سرکاری دفتر سے رہنمائی حاصل کرنا ضروری ہے۔
کن دستاویزات کی تصدیق ضروری ہے؟
پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ، پیدائش اور شادی کے سرٹیفکیٹ، نکاح نامہ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور تعلیمی اسناد سمیت مختلف سرکاری دستاویزات کے لیے اپوسٹیل یا دیگر تصدیقی مراحل درکار ہوسکتے ہیں۔
اسپین میں متعلقہ امیگریشن دفتر (Extranjería) یا سول رجسٹری (Registro Civil)، جبکہ دیگر یورپی ممالک میں متعلقہ انتظامی اداروں سے معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔
بیرونِ ملک پاکستانیوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی ایجنٹ کو رقم دینے یا اصل دستاویزات پاکستان بھیجنے سے پہلے یہ معلوم کریں کہ متعلقہ ادارہ ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ، اس کے پرنٹ یا اصل کاغذی دستاویز میں سے کس شکل کو قبول کرتا ہے۔
مزید معلومات کے لیے وزارتِ خارجہ پاکستان کے پورٹل https://portal-attestation.mofa.gov.pk/ اور اپوسٹیل ممالک کی فہرست https://apostille.mofa.gov.pk/list-of-countries سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔
