اسٹرنگز سے علیحدگی کے بعد فیصل کپاڈیہ سولو البم ریلیز کرنے کیلئے تیار
پاکستان میوزک انڈسٹری سے وابستہ معروف گلوکار فیصل کپاڈیہ ’اسٹرنگز‘ سے علیحدگی کے بعد اپنا سولو البم ریلیز کرنے کے لیے تیار ہیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گلوکار نے اپنے مداحوں کو خوشخبری سنا دی۔
فیصل کپاڈیہ نے سیاہ و سفید رنگ میں اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے نئی کی سولو البم ’زندگی جہاں لیجائے‘ ریلیز کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
مذکورہ پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’کیا آپ تیار ہیں نئی البم کے لیے؟‘
انہوں نے البم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’2 فروری 2024 تاریخ محفوظ کرلیجئے‘۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فیصل کپاڈیہ ’اسٹرنگز‘ سے منسلک تھے۔ انہوں نے گلوکار بلال مقصود، رفیق وزیر علی، کریم بشیر کے ساتھ مل کر 1988 میں اپنے کالج کے دنوں میں راک میوزک بینڈ ’اسٹرنگز‘ کی بنیاد رکھی تھی یک بعد دیگر ہٹ نمبر دینے کے بعد 1992 میں بینڈ کے تمام میمبر اپنی تعلیم مکمل کرنے میں مصروف ہوگئے۔
بعدازاں 1999 میں ایک بار پھر فیصل کپاڈیہ اور بلال مقصود نے ’اسٹرنگز‘ کے ساتھ واپسی کی اور جولائی 2021 تک دور اور دھانی سمیت نہ جانے کیوں، آخری الوداع، سر کیے یہ پہاڑ اور کوئی آنے والا ہے جیسے مشہور گانے مداحوں کیلئے پیش کیے۔