امتیاز علی نے خوبصورتی کی وجہ سے مجھے سیریز میں کاسٹ کرنے سے انکار کر دیا تھا: بھارتی اداکارہ کا انکشاف
بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی مشہور فلم ’چک دے انڈیا‘ کی اداکارہ ودیا مالودے نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں خوبصورت ہونے کی وجہ سے سیریز میں کاسٹ نہیں کیا جارہا تھا۔
ودیا مالوادے نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ ہدایتکار امیتاز علی نے مجھے سیریز’ڈاکٹر اروڑا‘میں اس لیے کاسٹ نہیں کیا تھا کیونکہ اُنہیں یہ لگتا تھا کہ میں بہت زیادہ خوبصورت ہوں۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں نے سیریز میں ویشالی نامی ایک گھریلو خاتون کے کردار کے لیے آڈیشن دیا تھا لیکن امتیاز علی اور اُن کی کاسٹنگ ٹیم نے مجھے یہ کہہ کر کاسٹ کرنے سے انکار کردیا تھا کہ’آپ اس کردار کے لیے پرفیکٹ نہیں ہیں‘۔
اداکارہ نے بتایا کہ امتیاز علی اس کردار کے لیے کسی ایسی اداکارہ کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے جو گھریلو خاتون کے کردار میں پرفیکٹ نظر آئے۔
ودیا مالودے نے بتایا کہ میں یہ کردار کرنا چاہتی تھی اس لیے میں نے امتیاز علی کی کاسٹنگ ٹیم سے دوبارہ رابطہ کیا اور اپنی کچھ تصاویر بھیجیں لیکن اُنہیں میری وہ تصاویر بھی پسند نہیں آئیں پھر اُنہوں نے مجھ سے ایسی تصاویر مانگیں جن میں گھریلو خاتون نظر آؤں۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب کاسٹنگ ٹیم کا مجھے فون آیا تو میں گھر سے باہر کام پر تھی اس لیے میں نے اپنی گھریلو ملازمہ کو فون کیا اور اُس سے کہا کہ مجھے اُس کی ساڑھی کی ضرورت ہے۔
ودیا مالودے نے بتایا کہ میں نے اپنی گھریلو ملازمہ کی ساڑھی پہن کر خود کو بالکل گھریلو خاتون کے روپ میں دھارا اور کچھ تصاویر کھینچ کر میں نے امتیاز علی کو بھیجیں اور اُن سے درخواست کی کہ میری خوبصورتی کی وجہ سے مجھے سیریز میں کاسٹ کرنے سے انکار نہیں کریں کیونکہ مجھے یقین ہے کہ میں یہ کردار کرسکتی ہوں۔
اُنہوں نے مزیدبتایا کہ میری درخواست پر امتیاز علی نے سوچنے کے لیے کچھ وقت مانگا اور پھر دو دن کے بعد اُنہوں نے مجھے سیریز میں کاسٹ کرلیا۔