بارسلونا(دوست نیوز) اسپین کے بارسلونا ایل پرات ایئرپورٹ پر گراؤنڈ فورس (Groundforce) کے زمینی عملے کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال ختم کر دی گئی ہے۔ مزدوروں کی تنظیم سی جی ٹی (CGT) نے کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے بعد دو ماہ سے زائد عرصے سے جاری ہڑتال واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے سی این (ACN) کے مطابق، یونین نے اس معاہدے کو دونوں فریقوں کے لیے مثبت قرار دیا ہے۔ تاہم، تین زمینی ملازمین کی برطرفی کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ برطرف کیے گئے تین ملازمین میں سے دو موسمِ گرما میں ہونے والی ہڑتال کی کمیٹی کے ارکان بھی ہیں۔
سی جی ٹی کے مطابق، احتجاجی مظاہرے 19 اور 26 اکتوبر جبکہ 2 نومبر کو صبح 11 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ایل پراٹ ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون (T1) پر منعقد کیے جائیں گے۔
یونین کا کہنا ہے کہ کئی ہفتوں کی کوششوں اور مذاکرات کے باوجود کمپنی تینوں ملازمین کو دوبارہ ملازمت پر بحال کرنے سے انکار کر رہی ہے۔
سی جی ٹی نے واضح کیا ہے کہ ہڑتال تو ختم کر دی گئی ہے، لیکن تینوں ملازمین کی بحالی تک احتجاجی مظاہلوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
