اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے پرانے علاقوں میں 1970 اور 1980 کی دہائیوں کے دوران بلیئرڈ کلب نوجوانوں کی ملاقات اور تفریح کے اہم مراکز تھے، لیکن ان مقامات پر لڑائی جھگڑے، منشیات کا استعمال اور مقامی گروہوں کی سرگرمیاں بھی عام تھیں۔ ہسپانوی اخبار ایل منڈو میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق، لاکوما (Lacoma) کے علاقے میں ایسے دو مقامات تھے جہاں بلیئرڈ ٹیبلز، کھیلنے والی مشینیں اور فٹ بال ٹیبلز موجود تھے۔
یہ مقامات کاردینال ہیریرا اوریا ایونیو کے قریب، کالے کادالسُو دے لاس ویدیوس میں واقع تھے۔ یہاں علاقے کے نوجوانوں اور مقامی گروہوں کا مستقل آنا جانا تھا۔
رپورٹ کے مطابق، 1970 کی دہائی کے آخری برسوں میں لاکوما اور بیرّیو دل پیلار کے نوجوانوں کے درمیان لڑائیاں بھی ہوتی تھیں۔ اس زمانے کے نوجوان لمبے بال، چست پتلونیں اور مخصوص طرز کے لباس پہنتے تھے۔ معمولی تنازعات بھی بعض اوقات تشدد کی شکل اختیار کر لیتے تھے۔
علاقے میں کچی آبادیوں کے مکینوں کو بھی غربت اور سماجی مسائل کا سامنا تھا۔ رپورٹ میں ایک سابق رہائشی نے بتایا کہ وہ تقریباً 100 مربع میٹر کی لکڑی سے بنی جھونپڑی میں رہتا تھا، جہاں خاندان کے افراد اور جانور بھی موجود ہوتے تھے۔
رپورٹ کے مطابق، ابتدا میں نوجوان ایمفیٹامینز اور دیگر نشہ آور اشیا استعمال کرتے تھے۔ بعد ازاں میتھاڈون سے ملتی جلتی دوا میٹاسیدین اور ہیروئن کا استعمال بھی بڑھنے لگا۔ ایک سابق نشے کے عادی شخص نے بتایا کہ وہ 1988 تک اس لت میں مبتلا رہا، پھر بحالی مرکز میں داخل ہوا اور اپنی زندگی بدلنے کی کوشش کی۔
رپورٹ میں بحالی کے ادارے ایل پاتریارکا کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جہاں لوگوں کو رہائش اور خوراک فراہم کی جاتی تھی۔ تاہم، اس ادارے کے بانی لوسیئن اینگلمایر پر بعد میں جنسی استحصال، مالی بے ضابطگیوں اور جبری مشقت کے الزامات بھی عائد ہوئے۔
