کاتالونیا میں 11 نومبر کی عام ہڑتال کے باعث تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں، سرکاری اور نجی تعاون سے چلنے والے اسکولوں میں طلبہ کی حاضری انتہائی کم رہی، جبکہ اساتذہ کی ہڑتال میں شرکت مختلف اداروں میں مختلف رہی۔ تعلیمی یونین USTEC کے مطابق ہڑتال میں اساتذہ کی مجموعی شرکت 45 فیصد رہی۔
بارسلونا سمیت کاتالونیا کے مختلف علاقوں میں بدھ کی صبح اسکولوں کی کلاسیں معمول سے بالکل مختلف نظر آئیں۔ رہائشی مکانات کے بحران اور روزمرہ زندگی کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے خلاف اعلان کردہ عام ہڑتال میں طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس کے نتیجے میں تعلیمی اداروں میں حاضری غیر معمولی حد تک کم ہوگئی۔
بارسلونا کے مرکزی علاقوں سیوتات ویلا (Ciutat Vella) اور ای ایکسامپل (Eixample) کے سرکاری اور نجی تعاون سے چلنے والے اسکولوں کی انتظامیہ کے مطابق صبح کے وقت تقریباً 90 فیصد طلبہ غیر حاضر تھے۔ بعض اسکولوں میں ہر تعلیمی سطح پر صرف دس کے قریب طلبہ موجود تھے۔
انتظامیہ کے مطابق پرائمری اور سیکنڈری کے مقابلے میں نرسری اور ابتدائی عمر کے بچوں کی حاضری قدرے بہتر رہی۔ بعض اسکولوں میں اساتذہ کو یہ خدشہ بھی تھا کہ سیکنڈری کے طلبہ وقفے کے دوران اسکول سے واپس گھروں کو نہ چلے جائیں، اس لیے ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی گئی۔
اساتذہ کی ہڑتال میں شرکت سرکاری اسکولوں میں نسبتاً زیادہ جبکہ نجی تعاون سے چلنے والے اداروں میں کم رہی۔ ان اداروں میں تدریسی عملے کی شرکت 30 فیصد سے زیادہ نہیں تھی۔
USTEC یونین کے صبح ساڑھے نو بجے جاری کردہ ابتدائی اعدادوشمار کے مطابق اساتذہ کی ہڑتال میں شرکت 45 فیصد رہی۔ یونین کے عہدیدار آندریو مومبرو نے اسے نمایاں شرکت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی شعبے پر ہڑتال کے اثرات انتہائی نمایاں رہے ہیں۔
حکومت کاتالونیا کی جانب سے مقرر کردہ لازمی خدمات کے تحت نرسری اور پرائمری اسکولوں میں ہر چھ کلاس رومز کے لیے ایک استاد کی موجودگی ضروری تھی۔ خصوصی تعلیمی مراکز میں 50 فیصد عملے جبکہ بچوں کی نگہداشت کے مراکز میں 33 فیصد عملے کی موجودگی لازمی قرار دی گئی تھی۔
دوسری جانب تعلیمی یونینوں نے 21 نومبر کو مظاہرے اور 26 نومبر کو ایک اور تعلیمی ہڑتال کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔
