بارسلونا کے مشہور پلازہ کاتالونیا میں کبوتروں کو دانہ ڈال کر سیاحوں سے تصاویر بنوانے اور اس کے عوض پیسے وصول کرنے والے گروہ کے خلاف سٹی پولیس (گواردیا اربانا) نے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
اس گروہ میں چار خواتین اور ایک مرد شامل ہیں، جو بنیادی طور پر پلازہ کاتالونیا کے بالائی حصے میں موجود رہتے ہیں۔ یہ لوگ کبوتروں کو دانہ ڈال کر انہیں اپنے ہاتھوں اور بازوؤں پر بٹھاتے ہیں تاکہ سیاح ان کے ساتھ تصاویر بنوا سکیں۔ اس کے بعد وہ ہر تصویر کے عوض پانچ یورو طلب کرتے ہیں۔
تاہم حقیقت یہ ہے کہ زیادہ تر سیاح انہیں پانچ یورو دینے کے بجائے چند سکے ہی دیتے ہیں۔ خواتین اس پر بظاہر مایوسی کا اظہار کرتی ہیں، لیکن زیادہ اصرار نہیں کرتیں۔ اس کے باوجود روزانہ جمع ہونے والی چھوٹی چھوٹی رقوم بھی ان کے لیے اچھی آمدنی کا ذریعہ بن جاتی ہیں۔
بارسلونا میں اس نوعیت کی سرگرمیاں پہلے بھی دیکھنے میں آتی رہی ہیں۔ مثال کے طور پر پارک دی لا سیوتادیلا میں طوطوں کو قابو میں رکھنے والے افراد سیاحوں کو تصاویر بنوانے کی دعوت دیتے ہیں، جبکہ لا رامبلا میں زیورات اور مصنوعی چوڑیاں فروخت کرنے والے بعض افراد پہلے مفت تحفے کا وعدہ کرتے ہیں اور بعد میں اس کی قیمت طلب کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق منگل کے روز گارڈیا اربانا کی ایک پولیس ٹیم نے گروہ کے مرد اور ایک خاتون کو عوامی مقام پر خوراک بکھیرنے کے الزام میں جرمانہ کیا تھا۔ بارسلونا میں کبوتروں کو دانہ ڈالنے پر مکمل پابندی نہیں، تاہم سڑکوں اور عوامی مقامات پر کھانے کی اشیا بکھیر کر گندگی پھیلانا ممنوع ہے۔ سنگین خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ 750 یورو تک ہو سکتا ہے۔
میونسپل حکام کے مطابق عام طور پر کبوتروں کو دانہ ڈالنے والوں کو جرمانہ نہیں کیا جاتا، کیونکہ ان میں سے بیشتر اس سرگرمی سے پیسے نہیں کماتے۔ شہری اہلکار انہیں یہ سمجھانے کی کوشش کرتے ہیں کہ شہر میں کبوتروں کی تعداد پہلے ہی ضرورت سے زیادہ ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ منگل کو جرمانہ ہونے کے باوجود بدھ کی صبح وہی افراد دوبارہ پلاسا کاتالونیا پہنچ گئے۔ پولیس اہلکاروں کی موجودگی نہ دیکھ کر انہوں نے ایک مرتبہ پھر پرندوں کے دانے کے تھیلے کھول لیے اور سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنا شروع کر دیا۔
زیادہ تر سیاح اس سرگرمی کو خوشگوار تجربہ سمجھتے ہیں اور تصاویر بنوانے کے بعد خوشی سے چند سکے ادا کر دیتے ہیں۔
