اسپینش فٹ بال کلب بارسلونا کے دو نوجوان اسٹار کھلاڑی لامین یامال اور پاؤ کوبارسی کا تعلق اگرچہ کاتالونیا کے دو بالکل مختلف علاقوں سے ہے، لیکن فٹ بال اور بارسلونا سے محبت نے دونوں کو ایک دوسرے کے قریب کردیا۔ دونوں کی عمر 19 سال ہے اور آج وہ بارسلونا کی پہلی ٹیم اور مستقبل کے اہم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔
لامین یامال کی پرورش ماتارو شہر کے محنت کش طبقے کے علاقے روکا فوندا میں ہوئی، جبکہ پاؤ کوبارسی صوبہ گیرونا کے ایک چھوٹے سے گاؤں ایستانیول میں پیدا ہوئے اور وہیں پلے بڑھے۔ اس گاؤں کی آبادی 200 افراد سے بھی کم ہے۔
لامین نے بچپن میں سادہ حالات میں زندگی گزاری۔ والدین کی علیحدگی کے بعد وہ کچھ عرصہ اپنی والدہ کے ساتھ گرانویئرس اور والد کے ساتھ ماریسمے کے علاقے میں رہتے رہے۔ بعد ازاں انہیں بارسلونا کی مشہور اکیڈمی لا ماسیا میں داخلہ مل گیا۔
دوسری جانب پاؤ کوبارسی نے دیہی ماحول میں پرورش پائی۔ ان کے خاندان کی ایک پرانی کارپینٹری ورکشاپ ہے، جس کا آغاز 1905 میں ہوا تھا۔ کوبارسی کے مطابق بچپن میں وہ وہاں کام کرنے کے بجائے زیادہ تر شرارتیں کرتے تھے۔
روکا فوندا اور ایستانیول کے درمیان تقریباً 67 کلومیٹر کا فاصلہ ہے۔ دونوں علاقوں کی تاریخ، ماحول اور معاشرتی حالات مختلف ہیں، لیکن انہی علاقوں نے بارسلونا کو دو غیر معمولی فٹ بالر دیے۔
لامین یامال 2014 میں صرف سات سال کی عمر میں بارسلونا کی اکیڈمی میں شامل ہوئے، جبکہ کوبارسی نے 2018 میں 11 سال کی عمر میں کلب کا حصہ بنے۔ دونوں نے مختلف عمر کی ٹیموں میں ایک ساتھ کھیلتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ان کی غیر معمولی کارکردگی اور کم عمری میں مہارت کے باعث دونوں نے کئی مراحل تیزی سے طے کیے اور 2023-24 کے سیزن میں بارسلونا کی پہلی ٹیم تک پہنچ گئے۔
آج لامین یامال دائیں جانب سے حریف دفاع کو پریشان کرتے ہیں، جبکہ کوبارسی دفاع میں مضبوط دیوار کی حیثیت رکھتے ہیں۔
بالون دی اور کی تقریب میں لامین یامال نے کوپا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے خیال میں یہ ایوارڈ پاؤ کوبارسی کو ملنا چاہیے تھا۔
بعد ازاں کوبارسی کو گولڈن بوائے ایوارڈ سے نوازا گیا، جس کے ذریعے انہیں دنیا کا بہترین نوجوان فٹ بالر تسلیم کیا گیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے چھٹے ہسپانوی کھلاڑی بن گئے۔
