اسپین کے سابق عظیم گول کیپر ایکر کاسیاس اور صحافی سارہ کاربونیرو کے دونوں بیٹوں نے ریئل میڈرڈ کی یوتھ اکیڈمی کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ 12 سالہ مارٹن اور 10 سالہ لوکاس کاسیاس اب اپنے والد کے سابق کلب کے بجائے سی ڈی لیگانیز کی جانب سے فٹ بال کھیلتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں گے۔
ہسپانوی اخبار ’مارکا‘ کے مطابق دونوں بھائیوں نے اپنے اہل خانہ اور قریبی حلقے کی مشاورت سے ریئل میڈرڈ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ دونوں نے اپنے فٹ بال کیریئر کا آغاز پوزویلو کلب سے کیا تھا، جس کے بعد انہیں ریئل میڈرڈ کی مشہور یوتھ اکیڈمی ’لا فابریکا‘ میں جگہ ملی، جہاں انہوں نے گزشتہ دو سال تربیت حاصل کی اور مختلف مقابلوں میں حصہ لیا۔
مارٹن ریئل میڈرڈ کی انڈر 12 ٹیم ’انفینٹیل بی‘ کا حصہ تھے، جبکہ ان کے چھوٹے بھائی لوکاس انڈر 10 ٹیم ’الیوین اے‘ میں کھیل رہے تھے۔ دونوں نے اپنی کارکردگی سے خاصی توجہ حاصل کی۔ مارٹن نے برونیٹے میں ہونے والے انڈر 12 ورلڈ کپ میں نمایاں کھیل پیش کیا، جبکہ لوکاس نے بارسلونا کے خلاف پنالٹی شوٹ آؤٹ میں کئی شاٹس روک کر اپنی گول کیپنگ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اب دونوں بھائیوں کا نیا ٹھکانہ سی ڈی لیگانیز ہوگا۔ یہ کلب نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش اور تربیت پر خصوصی توجہ دیتا ہے۔ کلب ماضی میں بھی نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتا رہا ہے۔
مارٹن کاسیاس نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنے مستقبل کے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ فٹ بال میں اپنی الگ پہچان بنانا چاہتے ہیں اور اپنے والد کے نام کی وجہ سے کسی تقابل کا سامنا نہیں کرنا چاہتے۔
ان کا کہنا تھا: ’’میں مارٹن کاسیاس ہوں اور اپنا الگ کیریئر بنانا چاہتا ہوں۔ میری خواہش ہے کہ ایک دن قومی ٹیم کا گول کیپر بنوں، لیکن میں نہیں چاہتا کہ لوگ میرا موازنہ میرے والد سے کریں۔‘‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے والد ہمیشہ انہیں عاجزی اختیار کرنے، بھرپور توانائی کے ساتھ کھیلنے اور کبھی ہمت نہ ہارنے کی نصیحت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایکر کاسیاس نے ریئل میڈرڈ کے ساتھ پانچ لیگ ٹائٹل اور چار چیمپئنز لیگ ٹرافیاں جیتی تھیں۔ اب ان کے دونوں بیٹے ایک نئے کلب میں اپنے فٹ بال سفر کو آگے بڑھائیں گے۔
