ڈی جی ٹی اسپین نے ڈرائیونگ لائسنس کے تھیوری امتحان میں تبدیلیاں کر دیں: کیا کچھ بدلے گا؟

میڈرڈ (23 ستمبر 2025) — اسپین کی ڈائریکسیون جنرل دے تراٖفیکو (DGT) نے اعلان کیا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کے تھیوری امتحان میں اہم تبدیلیاں کی جا رہی ہیں تاکہ امیدواروں کی بہتر تیاری کو یقینی بنایا جا سکے۔
پہلی تبدیلیاں اکتوبر 2025 سے لاگو ہوں گی، جن میں نئی ٹریفک علامات سے متعلق سوالات شامل ہوں گے۔ یہ علامات یکم جولائی کو منظور کی گئی تھیں اور ان کا تعلق نئے ذرائع آمد و رفت (جیسے ذاتی برقی گاڑیاں) اور موجودہ ٹریفک حالات سے ہے۔
ڈی جی ٹی نے پیکٹوگرامز کو دوبارہ ڈیزائن کیا، پرانی اور غیر استعمال شدہ علامات ختم کیں، اور پائیداری و شمولیاتی بصری زبان پر زور دیا ہے۔ یکم جولائی سے کم از کم تین ماہ کا وقت دیا گیا تاکہ کتابیں اپ ڈیٹ کی جا سکیں اور طلبہ تیاری کر سکیں۔ اب یہ مہلت ختم ہونے کو ہے اور تبدیلیاں یکم اکتوبر سے نافذ ہو سکتی ہیں۔
مزید بڑی تبدیلیاں 2026 میں آئیں گی، جب صرف رٹے لگانے کے بجائے امیدواروں کو عملی صورتحال پر مبنی سوالات کا سامنا ہوگا۔ برطانیہ اور فرانس کی طرز پر، امتحان میں مختصر ویڈیوز دکھائی جائیں گی جن میں خطرناک حالات مثلاً خراب موسم یا سڑک پر خراب کھڑی گاڑی پیش کی جائے گی، اور امیدواروں کو بتانا ہوگا کہ وہ اس وقت کس طرح عمل کریں گے۔