مراکش نے 2030 کے فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل کی میزبانی حاصل کرنے کے لیے ایک غیر معمولی منصوبہ تیار کیا ہے، جس کے تحت دنیا کا سب سے بڑا فٹبال اسٹیڈیم تعمیر کیا جا رہا ہے۔ حسن دوم (Grand Stade Hassan II) کے نام سے بننے والا یہ اسٹیڈیم ایک لاکھ 15 ہزار تماشائیوں کی گنجائش رکھے گا۔
یہ اسٹیڈیم دارالحکومت رباط اور کاسابلانکا کے درمیان تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقام کاسابلانکا شہر کے مرکز سے تقریباً 40 کلومیٹر اور رباط سے 65 کلومیٹر دور ہے۔ اگرچہ دونوں شہروں کے مرکزی علاقوں سے اس کا فاصلہ زیادہ ہے، تاہم مراکشی حکام نے اسے جدید شاہراہوں اور تیز رفتار ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
منصوبے کے تحت کاسابلانکا اور رباط کے درمیان نئی موٹروے تعمیر کی جائے گی، جبکہ اسٹیڈیم کے قریب ایک جدید ٹرانسپورٹ اسٹیشن بھی قائم ہوگا، جہاں مقامی اور تیز رفتار ٹرینوں کی سہولت دستیاب ہوگی۔ اس کے ذریعے دونوں شہروں اور ملک کے اہم ترین محمد پنجم ایئرپورٹ تک 20 منٹ سے بھی کم وقت میں پہنچنا ممکن ہوگا۔
مراکش کا دعویٰ ہے کہ حسن دوم اسٹیڈیم دنیا کا سب سے بڑا فٹبال اسٹیڈیم ہوگا۔ اس میں ایک لاکھ 15 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، جو شمالی کوریا کے رونگراڈو مئی ڈے اسٹیڈیم سے تقریباً ایک ہزار زیادہ ہے۔ بارسلونا کے کیمپ نو اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش مکمل ہونے کے بعد بھی حسن دوم میں تقریباً 10 ہزار زیادہ نشستیں ہوں گی۔
اسٹیڈیم میں 9 ہزار 200 ہاسپیٹیلٹی نشستیں اور 2 ہزار 770 وی آئی پی نشستیں بھی مختص کی جائیں گی۔ مراکشی حکومت نے اس منصوبے کے لیے تقریباً ایک ارب یورو کا بجٹ رکھا ہے۔
معروف بین الاقوامی آرکیٹیکچر فرم Populous اور Oualalou + Choi نے اسٹیڈیم کا ڈیزائن تیار کیا ہے۔ اس کی تعمیر 2028 کے آخر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ اس کی چھت روایتی مراکشی ثقافتی تہوار ’’موسم‘‘ سے متاثر ہو کر بنائی جائے گی، جسے 32 بڑے ستون سہارا دیں گے۔
اسٹیڈیم مستقبل میں مراکش کی قومی فٹبال ٹیم اور کاسابلانکا کے دو بڑے کلبوں راجہ اور وداد کا ہوم گراؤنڈ بھی ہوگا۔
اس بڑے منصوبے کے اطراف میں 25 ہزار نشستوں کا ایک اور اسپورٹس اسٹیڈیم، اولمپک سوئمنگ پول، کنونشن سینٹر، نمائشی ہال، شاپنگ مال، پارک اور ہوٹل بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ مراکش کو امید ہے کہ یہ منصوبہ 2030 ورلڈ کپ کے فائنل کی میزبانی کے لیے اس کی پوزیشن مضبوط کرے گا۔
