وزیرِاعظم سے خصوصی ملاقات
اسپین کے وزیرِاعظم نے یوٹیوبر جوردی وائلد کے پوڈکاسٹ ’دی وائلد پروجیکٹ‘ میں تقریباً دو گھنٹے تک مختلف سیاسی اور قومی معاملات پر گفتگو کی۔
اسپین کے وزیرِاعظم پیدرو سانچیز اور یوٹیوبر جوردی وائلد کے درمیان ہونے والی گفتگو میں تقریباً 30 منٹ حکومت اور سوشلسٹ پارٹی (PSOE) سے متعلق مختلف کرپشن اسکینڈلز پر بات ہوئی۔
اس سے قبل البرتو نونیز فیخو اور ادا کولاؤ کے انٹرویوز کی طرح جوردی وائلد نے سانچیز سے بھی ریل گاڑیوں کی حفاظت، آدموز اور اُردا کے ٹرین حادثات، امیگریشن اور رہائش کے بحران سے متعلق سوالات کیے۔
انٹرویو میں سانچیز کے ماضی کے بیانات اور وقت کے ساتھ ان کے مؤقف میں تبدیلی، خصوصاً کاتالونیا کے لیے عام معافی کے قانون (Amnesty Law) کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔
سیاسی سفر اور اقتدار میں رہنے کا عزم
پیدرو سانچیز نے اپنے سیاسی سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا’’میرے دادا دادی پڑھنا لکھنا بھی نہیں جانتے تھے۔ اس بات نے میرے اندر سماجی انصاف کے لیے جدوجہد کا جذبہ پیدا کیا۔ سماجی عدم مساوات مجھے بہت تکلیف دیتی ہے۔‘‘
انہوں نے وضاحت کی کہ آٹھ سال مونکلوا (وزیرِاعظم کی سرکاری رہائش گاہ) میں گزارنے اور کچھ عرصہ سیاست سے کنارہ کشی پر غور کرنے کے باوجود وہ سیاست میں کیوں برقرار ہیں۔
سانچیز نے کہا’’یہ وقت پیچھے ہٹنے کا نہیں بلکہ آگے بڑھ کر ذمہ داری سنبھالنے کا ہے۔‘‘
کرپشن اسکینڈلز اور زاپاتیرو کا دفاع
پیدرو سانچیز نے سابق وزیرِ ٹرانسپورٹ خوسے لوئس آبالوس، کولدو گارسیا اور وکٹر دے آلداما سے متعلق کیس کو اپنے لیے شرمندگی کا باعث قرار دیا۔انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ ان میں سے بعض افراد پر ذاتی طور پر اعتماد کرتے تھے۔
سانچیز نے کہا’’میں انہیں اپنا دوست سمجھتا تھا۔ لیکن جب میں نے ان کی آڈیو ریکارڈنگز سنیں تو مجھے شدید مایوسی ہوئی۔‘‘
آبالوس کی نجی زندگی کے بارے میں سوال پر سانچیز نے کہا کہ انہیں ان کی سرگرمیوں کا علم نہیں تھا۔
انہوں نے کہا’’جب وہ میرے سامنے ہوتے تھے تو انہوں نے کبھی خواتین کے خلاف کوئی توہین آمیز یا مردانہ برتری پر مبنی بات نہیں کی۔ مجھے یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ وہ جسم فروشی کی خدمات حاصل کرتے تھے۔‘‘
سانچیز نے بتایا کہ 2021 میں آبالوس کو حکومت سے ہٹانے کا فیصلہ میڈرڈ کے انتخابات کے بعد کابینہ میں ردوبدل کے تحت کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اعتبار سے آبالوس بہت باصلاحیت تھے، لیکن ان کی شخصیت کا ایک دوسرا رخ بھی تھا جس سے وہ واقف نہیں تھے۔
وزیرِاعظم نے اعتراف کیا کہ آبالوس اور سانتوس سیردان کے ساتھ ان کے قریبی اور اعتماد کے تعلقات تھے، جبکہ کولدو گارسیا کو وہ نسبتاً کم جانتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ تنظیمی امور کے دو سیکریٹریز کا قانونی کارروائیوں کی زد میں آنا ان کے لیے مایوسی کا باعث ہے۔
تاہم انہوں نے اپنی حکومت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کابینہ کے تمام وزرا میں سے صرف ایک شخص اس معاملے سے متاثر ہوا ہے۔
سانچیز نے کہا’’جس سیاسی منصوبے کی میں قیادت کر رہا ہوں وہ ایک دیانت دار منصوبہ ہے، اور جن لوگوں نے غلط کام کیے ہیں انہیں اس کی قیمت چکانا پڑی ہے۔‘‘
زاپاتیرو کے حق میں اہم بیان
سانچیز نے سابق وزیرِاعظم خوسے لوئس رودریگز زاپاتیرو کا دفاع کرتے ہوئے کہا’’میں زاپاتیرو کے لیے اپنے ہاتھ آگ میں ڈالنے کو تیار ہوں۔‘‘
انہوں نے پلس الٹرا ایئرلائن سے متعلق شکوک و شبہات پر کہا کہ انہوں نے کبھی زاپاتیرو سے اس کمپنی یا کسی دوسری کمپنی کے بارے میں سوال نہیں کیا۔
سانچیز کے مطابق’’اور نہ ہی میں اس کی اجازت دیتا۔ ہماری گفتگو کبھی کمپنیوں کے بارے میں نہیں ہوتی تھی بلکہ سیاست کے موضوع پر ہوتی تھی۔‘‘
زاپاتیرو سے منسلک زیورات کے تنازعے کے بارے میں بھی انہوں نے ان کی بے گناہی پر یقین کا اظہار کیا اور ان کی سیاسی خدمات کو سراہا۔
لیئرے دیئز کے معاملے پر سانچیز نے اعتراف کیا’’مجھے اچھی طرح معلوم نہیں کہ اس خاتون نے قانونی جرم کے نقطۂ نظر سے حقیقتاً کیا کیا ہے۔‘‘
سیوتا میں امیگریشن بحران
کیا مراکش اس بحران کا ذمہ دار تھا؟
سانچیز نے مراکش کی حکومت کو سیوتا میں پیدا ہونے والے امیگریشن بحران کا براہِ راست ذمہ دار قرار دینے سے گریز کیا۔
انہوں نے کہا’’میرے پاس ایسی معلومات نہیں ہیں جن کی بنیاد پر میں یہ کہہ سکوں کہ پوری مراکشی حکومت اس کی ذمہ دار تھی۔‘‘
تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ مراکشی حکام نے تارکینِ وطن کو سرحد عبور کرنے سے روکنے میں نرمی برتی تھی اور صورتحال ان کے قابو سے باہر ہو گئی تھی۔
سانچیز نے بتایا کہ اس واقعے سے پہلے ایک عدالتی فیصلے کی غلط تشریح پر مبنی افواہ پھیلائی گئی تھی، جس کے مطابق تیراکی کرکے اسپین میں داخل ہونے والے افراد کو ملک بدر نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے سیوتا اور میلییا کی سرحدوں کو دنیا کی پیچیدہ ترین سرحدوں میں شمار کرتے ہوئے جولائی کے آخر میں پیش آنے والے واقعات کو ایک انسانی بحران قرار دیا۔
سانچیز نے کہا’’کیا ہم غیر مسلح نوجوانوں پر گولیاں چلائیں جو سمندر کے راستے سرحد عبور کر رہے تھے، یا ان تمام نوجوانوں کو عارضی طور پر پناہ دینے کی کوشش کریں؟‘‘
انہوں نے حکومت کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ افراد کو عارضی طور پر پناہ دی گئی اور بعد میں ان لوگوں کو واپس بھیجا گیا جنہیں اسپین میں رہنے کا قانونی حق حاصل نہیں تھا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تارکینِ وطن، خصوصاً نابالغ بچوں کے حقوق کا احترام ضروری ہے۔
مراکش کے ساتھ تعلقات
سانچیز نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ سیوتا بحران کے دوران وہ چھٹیوں پر تھے۔
انہوں نے کہا’’وزیرِاعظم 24 گھنٹے روزانہ اور سال کے 365 دن فعال رہتا ہے۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ وہ سیوتا گئے، اسپین کی خودمختاری کا دفاع کیا اور حکومتی ردعمل کی نگرانی کی۔
سانچیز نے کہا’’سیاسی اعتبار سے تمام معاملات کی مرکزی کمان میرے پاس تھی۔‘‘
انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ ایک دوسری سرکاری رہائش گاہ میں موجود تھے، لیکن اپنی سرکاری ذمہ داریاں مکمل طور پر ادا کر رہے تھے۔
مراکش کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اچھے ہمسایہ تعلقات برقرار رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے اپنے موبائل فون کی اسرائیلی جاسوسی سافٹ ویئر پیگاسس (Pegasus) کے ذریعے جاسوسی کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ اس معاملے کی شکایت قومی عدالت میں درج کرائی گئی تھی۔
اسپین میں غیر قانونی امیگریشن کی شرح
غیر قانونی امیگریشن کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے سانچیز نے دعویٰ کیا’’مجموعی امیگریشن میں غیر قانونی طریقے سے آنے والوں کی شرح پانچ سے دس فیصد کے درمیان ہے، زیادہ سے زیادہ۔‘‘
جوردی وائلد نے جب ان سے پوچھا کہ کیا انہیں مستقبل میں اسپین میں تارکینِ وطن کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش ہے تو سانچیز نے کہا’’اگر ہم اپنے ملک میں تارکینِ وطن کی تعداد میں اضافہ نہیں کرتے تو 15 یا 20 سال بعد ہماری مقامی افرادی قوت 1980 کی دہائی جیسی رہ جائے گی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ اس صورت میں سماجی بہبود کے نظام کے لیے دستیاب وسائل بھی کم ہو جائیں گے۔
سانچیز نے امیگریشن کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ تارکینِ وطن معیاری عوامی خدمات اور مستقبل میں سرکاری پنشن کے نظام کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماریانو راخوئے کی حکومت کے دوران سکیورٹی فورسز کے 15 ہزار اہلکاروں کی تعداد کم کی گئی تھی۔
ان کے مطابق اسپین میں جرائم کی شرح فن لینڈ اور سویڈن جیسے ممالک کے مقابلے میں بھی کم ہے۔
آدموز اور اُردا ٹرین حادثات
سانچیز نے وزیرِ ٹرانسپورٹ آسکر پوئنتے کے دفاع میں کہا کہ ان کے فیصلوں کا ٹرین حادثات سے براہِ راست تعلق نہیں تھا۔
سانچیز نے تسلیم کیا کہ اسپین کے ریلوے نظام میں خرابیوں اور ٹرینوں کی تاخیر کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے اس کی وجہ ریلوے نظام کی بہتری اور تبدیلی کے دوران سروس کو مسلسل جاری رکھنا قرار دیا۔
جوردی وائلد کے سوال پر کہ کیا وزارتِ ٹرانسپورٹ کے حکومتی فیصلوں نے ان حادثات میں کردار ادا کیا، سانچیز نے جواب دیا’’میرے خیال میں ایسا نہیں ہے۔‘‘
انہوں نے ریلوے نظام کو محفوظ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حادثات سے متاثرہ ریلوے سیکشنز میں سرمایہ کاری 20 گنا بڑھائی گئی ہے۔
سانچیز نے بتایا کہ وزارتی کونسل نے 2030 تک ریلوے کی دیکھ بھال اور حفاظت کے لیے 19 ارب یورو کے فنڈز کی منظوری دی ہے۔
آسکر پوئنتے کے استعفے پر مؤقف
سانچیز نے سابق وزیرِ ٹرانسپورٹ آسکر پوئنتے کے استعفے کے بارے میں کہا کہ انہوں نے متاثرین سے ملاقات کی، امدادی پیکیج کے لیے شاہی حکمنامہ منظور کروایا، ماہرین سے بات کی اور پارلیمنٹ میں حکومتی مؤقف پیش کیا۔
انہوں نے کہا’’میرا خیال ہے کہ آسکر پوئنتے نے عہدے سے الگ ہو کر درست فیصلہ کیا ہے۔‘‘
سانچیز نے سیاسی ذمہ داری کی تین اقسام بیان کیں:
- ایسے فیصلے جو کسی سانحے کا سبب بنیں۔
- ضروری اقدامات نہ کرنا۔
- حادثے کے بعد صورتحال سے نمٹنے کا طریقہ۔
انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ وزارتِ ٹرانسپورٹ کے فیصلوں نے ان حادثات میں براہِ راست کردار ادا کیا۔تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ اگر پوئنٹے خود مستعفی نہ ہوتے تو کیا وہ انہیں عہدے سے برطرف کر دیتے۔
سانچیز نے قدرتی آفات اور ٹرین حادثات کے درمیان فرق واضح کرتے ہوئے متاثرین کے دکھ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر بھی تنقید کی۔
انہوں نے یاد دلایا کہ PSOE نے انگروئس ٹرین حادثے کے بعد آنا پاستور سے استعفے کا مطالبہ نہیں کیا تھا۔
سانچیز نے کہا’’میں نے ہمیشہ ذاتی طور پر ذمہ داری قبول کی ہے۔ میں خود سے بھی بہترین کارکردگی کا مطالبہ کرتا ہوں اور اپنے وزرا سے بھی یہی توقع رکھتا ہوں۔‘‘
سیاسی کشیدگی اور اسپین کی موجودہ صورتحال
سانچیز: اسپین اپنی جمہوری تاریخ کے بہترین ادوار میں سے ایک سے گزر رہا ہے۔
جوردی وائلد سے گفتگو کے دوران سانچیز نے اپنی سیاسی خدمات اور گزشتہ آٹھ سالہ حکومتی کارکردگی کا دفاع کیا۔
انہوں نے کہا’’مجھے اپنا کام بہت پسند ہے۔ جب میں گھر پہنچ کر اچھے اور برے پہلوؤں کا موازنہ کرتا ہوں تو مثبت چیزیں منفی چیزوں سے کہیں زیادہ ہوتی ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ سیاست میں رہنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ انہیں معاشرے میں تبدیلیاں لانے کا موقع ملتا ہے۔
سانچیز نے دعویٰ کیا:
’’اسپین اپنی جمہوری تاریخ کے بہترین ادوار میں سے ایک سے گزر رہا ہے۔‘‘
انہوں نے اپنے خلاف ہونے والی توہین آمیز مہم اور اپنی بیٹیوں کو پیش آنے والے بعض ناخوشگوار واقعات کا بھی ذکر کیا۔
سانچیز نے کہا کہ بعض مقامات پر ڈی جے ان کے خلاف توہین آمیز نعرے چلاتے ہیں، جس سے ان کے خاندان کو بھی تکلیف پہنچتی ہے۔
انہوں نے سیاسی اصطلاحات جیسے ’’فاشو سفیرا‘‘ اور ’’کیچڑ پھیلانے والی مشین‘‘ کو ذاتی توہین کے برابر قرار دینے سے انکار کیا۔
انہوں نے کہا’’ان باتوں کا کسی کو ’حرام زادہ‘ کہنے سے کوئی موازنہ نہیں ہو سکتا۔‘‘
سانچیز نے اس الزام کو بھی مسترد کیا کہ وہ سوشل میڈیا پر میمز بنانے کے لیے متنازع بیانات دیتے ہیں۔
انہوں نے ارجنٹائن کے صدر خاویر میلیئی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ لوگ ان کی زنجیر آری کی آواز پر توجہ دیتے ہیں، لیکن اصل اہمیت ان کٹوتیوں کی ہے جن کی وہ علامت ہے۔
سیاسی مخالفین پر تنقید
جوردی وائلدنے کہا کہ اسپین میں سیاسی تقسیم دونوں جانب سے بڑھ رہی ہے، تاہم سانچیز نے اس تشریح سے اختلاف کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو غیر انسانی انداز میں پیش کرنا، ذمہ داری دوسروں پر ڈالنا اور قابلِ یقین دکھائی دینے والی باتوں سے جھوٹ گھڑنا پروپیگنڈے کے طریقے ہیں۔
انہوں نے جرمنی کے سابق نازی رہنما جوزف گوئبلز سے منسوب پروپیگنڈے کے اصولوں کا حوالہ بھی دیا۔
سانچیز نے کہا’’سیاسی بحث مضبوط اور پُرعزم ہو سکتی ہے، لیکن اس کے لیے گالم گلوچ یا مخالف کو دشمن سمجھنا ضروری نہیں۔‘‘
انہوں نے اس تاثر پر افسوس کا اظہار کیا کہ اسپین کی سیاست میں مخالفین کو دشمن تصور کیا جاتا ہے۔
ماضی کے بیانات اور مؤقف میں تبدیلی
جوردی وائل نے انٹرویو میں پیدرو سانچیز کو ان کے ماضی کے بیانات یاد دلائے اور مختلف معاملات پر ان کے مؤقف میں تبدیلی کے بارے میں سوالات کیے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ سانچیز نے ماضی میں کاتالونیا میں آئین کے آرٹیکل 155 کے نفاذ کے لیے ماریانو راخوئے کی حکومت کی حمایت کی تھی۔
سانچیز نے فیخو کی جانب سے کارلس پوجدیمونت اور ووکس کے ساتھ ممکنہ عدم اعتماد کی تحریک کے امکانات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ دراصل عام معافی کے قانون اور سیاسی حالات کو معمول پر لانے کی کامیابی کا بالواسطہ اعتراف ہے۔
پودیموس کے سابق رہنما پابلو ایگلیسیاس کے ساتھ پہلے اتحاد سے انکار اور بعد میں مخلوط حکومت بنانے کے فیصلے کے بارے میں سانچیز نے وضاحت کی کہ وہ تیسرے عام انتخابات سے بچنا چاہتے تھے۔
انہوں نے اپنے ماضی کے سیاسی فیصلوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا’’میرے سیاسی مؤقف میں منفی پہلوؤں سے زیادہ مثبت پہلو ہیں۔‘‘
اختتامی پیغام: 29 نومبر کے انتخابات اسپین کے مستقبل کے لیے اہم ہیں
سانچیز: 29 نومبر کو صرف حکومت کی تبدیلی کا فیصلہ نہیں ہوگا بلکہ ملک کی ترقی کا سفر الٹا ہونے کا خطرہ بھی ہے۔
انٹرویو کے اختتام پر جوردی وائلد نے سانچیز سے ان کے سیاسی مخالفین کے بارے میں سوال کیا۔
سانچیز نے ادا کولاؤ کو ایک سماجی کارکن، البرتو نونیز فیخو کو بیسویں صدی کا قدامت پسند سیاست دان اور سانتیاگو آباسکال کو رنجش اور انتقام کی سیاست کرنے والا رہنما قرار دیا۔
آباسکال کے لباس پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے مذاقاً کہا کہ انہیں کسی دوسرے درزی کے پاس جانا چاہیے کیونکہ ان کی جیکٹیں بہت تنگ ہوتی ہیں۔
سانچیز نے کہا کہ اسپین کو امید اور مثبت سوچ پر مبنی ایک مختلف سیاسی ماحول کی ضرورت ہے۔
آخر میں جوردی وائل نے انہیں اپنا اختتامی پیغام دینے کا موقع دیا۔
سانچیز نے کہا’’29 نومبر کو ہم صرف اقتدار کی تبدیلی کا فیصلہ نہیں کر رہے بلکہ اس بات کا فیصلہ بھی کر رہے ہیں کہ آیا ملک کو ترقی کے راستے سے پیچھے لے جایا جائے گا یا نہیں۔‘‘
انہوں نے اس حوالے سے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، برازیل کے سابق صدر ژائیر بولسونارو اور ارجنٹائن کے صدر خاویر میلیئی کی حکومتوں کی مثالیں دیں۔
سانچیز نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تاریخی تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لیے باہر نکلیں تاکہ مزید چار سال تک ترقی پسند حکومت کو اقتدار میں رہنے کا موقع مل سکے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ پارلیمنٹ میں ترقی پسند جماعتوں کو اکثریت حاصل ہوگی تاکہ رہائش کے بحران سمیت ملک کے اہم مسائل حل کیے جا سکیں۔
رپورٹ: جیویر دالی بیسیدونیز
