میڈرڈ: اسپین میں سیاسی اتحاد فرنتے امپلیو (Frente Amplio) نے عام انتخابات کے لیے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے ووٹرز سے بھرپور حمایت اور انتخابی مہم میں متحرک ہونے کی اپیل کی ہے۔ اتحاد نے 10 فیصد ووٹ حاصل کرنے کو اپنا بنیادی ہدف قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اگر اسے یہ کامیابی مل گئی تو ملک میں دائیں بازو کی جماعتوں کے اقتدار میں آنے کے امکانات کو بڑا دھچکا لگ سکتا ہے۔
میڈرڈ کے علاقے ویایکاس (Vallecas) کے Cerro del Tío Pío پارک میں انتخابی مہم کے آغاز کے سلسلے میں جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں اتحاد کی امیدوار آدا کولاؤ (Ada Colau) سمیت میڈرڈ سے امیدواروں نے شرکت کی۔ جلسے میں ایمیلیو دیلگادو، تیش سیدی، ٹونی ویلرو اور ویرونیکا مارتینز بھی موجود تھے۔
فرنتے امپلیو کے میڈرڈ سے سرفہرست امیدوار ایمیلیو دیلگادو نے کہا کہ اس وقت اتحاد کو تقریباً 8 فیصد ووٹ ملنے کی توقع ہے، جس سے تقریباً 13 نشستیں حاصل ہو سکتی ہیں۔ اگر ووٹوں کی شرح 10 فیصد تک پہنچ گئی تو نشستوں کی تعداد 22 اور 11 فیصد ہونے پر 27 تک پہنچ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’اگر ہم 10 فیصد ووٹ حاصل کر لیتے ہیں تو ان لوگوں کی خوشیاں ختم ہو جائیں گی جو سمجھتے ہیں کہ یہ ملک صرف انہی کا ہے۔‘‘
آدا کولاؤ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انتخابی نتائج ابھی طے نہیں ہوئے اور آخری فیصلہ محنت کش عوام کی اکثریت کرے گی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ زیادہ تر انتخابی سروے دائیں بازو اور انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں کی حکومت بننے کی پیش گوئی کر رہے ہیں، تاہم عوام کی اجتماعی طاقت سے انتخابی صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے۔
کولاؤ نے الزام لگایا کہ انتہائی دائیں بازو کی جماعتیں معاشرتی مسائل اور عوامی بے چینی کا ذمہ دار کمزور طبقات اور تارکین وطن کو ٹھہرانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
ٹونی ویلرو نے کہا کہ عوام کو یہ یقین نہیں کرنا چاہیے کہ فرنتے امپلیو انتخاب ہار جائے گا، جبکہ دیلگادو کے مطابق دائیں بازو خوف اور نفرت کو ہوا دے گا، لیکن ان کا اتحاد امید اور یکجہتی کو فروغ دے گا۔
دیلگادو نے مزید کہا کہ آئندہ دو ہفتے انتہائی اہم ہیں اور دائیں بازو کو اقتدار سے روکنے، عوام کے حقوق اور آزادیوں کے تحفظ کے لیے فرنتے امپلیو کا 10 فیصد ووٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔
