بارسلونا: اسپین میں 29 نومبر کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔ ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے اپنے ابتدائی انتخابی پیغامات جاری کرتے ہوئے ووٹرز کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے ترجیحات اور وعدوں کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ انتخابات مقررہ وقت سے آٹھ ماہ قبل منعقد کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے پارلیمان میں ہاؤسنگ سے متعلق حکومتی اقدامات کے مسودوں کو مسترد کیے جانے کے بعد قبل از وقت انتخابات کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ ووٹرز کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ اسپین سماجی انصاف کی پالیسیوں کے ساتھ آگے بڑھے گا یا دائیں بازو کی انتہا پسند جماعتوں کو حکومت کا موقع دے گا۔
سوشلسٹ پارٹی (PSOE) نے بارسلونا میں وزیر اور سابق میئر جورڈی ایریو کی قیادت میں انتخابی مہم شروع کی۔ تقریب میں کاتالونیا کے صدر سلواڈور اییا اور بارسلونا کے میئر جاؤمے کولبونی بھی موجود تھے۔ ایریو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پی پی اور ووکس کے ممکنہ اتحاد کو روکنے کے لیے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں۔ وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے اپنی مہم کا آغاز سیویل سے کیا۔
پیپلز پارٹی (PP) نے بادالونا سے مہم شروع کی، جہاں پارٹی سربراہ البرتو نونیز فیخو کے ساتھ میئر خاویر گارسیا البیول بھی موجود تھے۔ فیخو نے غیر قانونی امیگریشن، قبضہ مافیا اور ریلوے نظام کے مسائل پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اقتدار میں آنے پر ریلوے سروس بہتر بنانے کا وعدہ کیا۔
فرنٹ امپلی (Front Ampli) نے سماجی حقوق کے تحفظ اور محنت کش طبقے کی تنخواہوں میں اضافے کو اپنی ترجیحات قرار دیا۔ وزیر ثقافت ارنست اورتاسون نے انتخابی مہم کے آغاز پر یہ پیغام دیا کہ سماجی حقوق کے تحفظ کے لیے ووٹ دینا ضروری ہے۔
جونتس (Junts) کی امیدوار میریم نوگراس نے کاتالونیا کے مفادات کو اولین ترجیح دینے اور میڈرڈ کی جانب سے کاتالونیا کے معاملات میں مداخلت کی مخالفت کا اعلان کیا۔
ای آر سی (ERC) کے امیدوار گیبریئل روفیان نے تاراگونا سے مہم شروع کرتے ہوئے جونتس کے ووٹرز سے بھی حمایت کی اپیل کی۔
دوسری جانب ووکس (Vox) نے بارسلونا کے علاقے ساگرادا فامیلیا میں انتخابی پوسٹرز لگا کر مہم شروع کی۔ پارٹی نے قومی ترجیحات، امیگریشن پالیسی سخت کرنے اور سرکاری اخراجات و انتظامی رکاوٹیں کم کرنے کو اپنے انتخابی ایجنڈے کا حصہ بنایا ہے۔
