بلدیہ سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ پر شائع ہونے والی خبروں کی نگرانی کے لیے نجی کمپنی کی خدمات حاصل کرے گی، مصنوعی ذہانت کے ذریعے جعلی خبروں کی نشاندہی اور ان کے تدارک کا نظام قائم کیا جائے گا۔
بارسلونا: شہر کی بلدیہ نے سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ پر پھیلنے والی جعلی خبروں، افواہوں اور گمراہ کن معلومات کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے بلدیہ ایک نجی کمپنی کی خدمات حاصل کرے گی، جو شہری انتظامیہ اور اس کی سرگرمیوں سے متعلق شائع ہونے والے مواد کی مسلسل نگرانی کرے گی۔
اس منصوبے کے لیے ابتدائی طور پر 2027 اور 2028 کے دوران 4 لاکھ 2 ہزار 284 یورو کا معاہدہ کیا گیا ہے، تاہم اس میں مزید 24 ماہ کی توسیع کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔ اس طرح مجموعی رقم 8 لاکھ 4 ہزار 568 یورو تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ اضافی 20 فیصد گنجائش کو شامل کرنے پر یہ رقم 8 لاکھ 85 ہزار 25 یورو ہو سکتی ہے۔
نئے نظام کے تحت انسٹاگرام، فیس بک، ٹک ٹاک، ایکس (سابقہ ٹوئٹر)، بلیوسکائی، تھریڈز اور ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ کی 24 گھنٹے نگرانی کی جائے گی۔ کاتالان اور ہسپانوی زبانوں میں شائع ہونے والے مواد کو بھی جانچا جائے گا اور کسی مشتبہ پوسٹ کی اشاعت کے صرف 15 منٹ کے اندر نشاندہی کرنا لازمی ہوگا۔
بلدیہ کے اندازے کے مطابق سالانہ ایک لاکھ سے زائد ایسی پوسٹس اور تبصروں کا تجزیہ کیا جائے گا۔ اس کام میں مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد لی جائے گی تاکہ بڑی تعداد میں معلومات کا فوری تجزیہ ممکن ہو سکے۔
بلدیہ کی 2025 کی ایک تحقیق کے مطابق صرف چھ ماہ میں 44 ہزار مرتبہ بلدیہ کا ذکر کیا گیا، جن میں سے 8 ہزار 800 تبصروں کا رجحان منفی تھا۔ تحقیق میں 111 مختلف بیانیوں کی نشاندہی ہوئی، جن میں سے 31 کو زیادہ اہم اور نقصان دہ قرار دیا گیا۔
منصوبے کے تحت چار مراحل میں کام ہوگا: جعلی معلومات کی نشاندہی، درجہ بندی، حقائق کی تصدیق اور پھر کارروائی۔ مصنوعی ذہانت ابتدائی جانچ کرے گی، جبکہ حتمی فیصلہ انسانی ماہرین کریں گے۔ غلط یا گمراہ کن معلومات ثابت ہونے پر متعلقہ مواد ہٹانے یا اس کی اصلاح کا مطالبہ کیا جائے گا۔
یہ اقدام میئر خامے کولبونی کے اعلان کردہ ’’جعلی خبروں کے خلاف آبزرویٹری‘‘ کے قیام سے بھی منسلک ہے، جس کا مقصد نوجوانوں میں میڈیا سے متعلق شعور، تنقیدی سوچ اور معلومات کی تصدیق کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔
