اسپین میں 29 نومبر کو ہونے والے عام انتخابات کی باضابطہ انتخابی مہم شروع ہوگئی ہے۔ اس بار انتخابی مہم حالیہ برسوں کی سب سے زیادہ تقسیم اور سیاسی کشیدگی کا شکار قرار دی جا رہی ہے۔ رہائشی بحران، مہنگائی، بے روزگاری اور اوردا کے المناک ٹرین حادثے نے انتخابی مہم کے اہم موضوعات کی شکل اختیار کرلی ہے۔
تازہ انتخابی جائزوں کے مطابق پیپلز پارٹی (PP) اور ووکس (Vox) کا اتحاد پارلیمان میں واضح اکثریت حاصل کرکے حکومت بنانے کی پوزیشن میں دکھائی دے رہا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ DYM کے 20 منٹوس کے لیے کیے گئے سروے کے مطابق پی پی کو 135 سے 139 نشستیں ملنے کا امکان ہے، جبکہ ووکس 63 سے 66 نشستیں حاصل کرسکتی ہے۔ دوسری جانب سوشلسٹ پارٹی (PSOE) کو تقریباً 100 نشستوں تک محدود رہنے کا خدشہ ہے، جبکہ فرنٹے امپلیو زیادہ سے زیادہ 10 نشستیں حاصل کرسکتی ہے۔
پی پی کے رہنما البرٹو نونیز فیخو انتخابی مہم میں ’’ضروری تبدیلی‘‘ کا نعرہ لے کر میدان میں اترے ہیں۔ ان کا مقصد تنہا حکومت بنانا ہے، تاہم ضرورت پڑنے پر ووکس کے ساتھ اتحاد کا امکان بھی مسترد نہیں کیا جا رہا۔ فیخو نوجوانوں کو درپیش رہائش اور روزگار کے مسائل کو بھی اپنی انتخابی مہم کا اہم حصہ بنا رہے ہیں۔
وزیراعظم پیدرو سانچیز کی جماعت PSOE نے ’’طاقت کے ساتھ ووٹ دو‘‘ کا نعرہ اختیار کیا ہے۔ پارٹی زیادہ سے زیادہ عوامی حمایت حاصل کرکے انتخابی نتائج میں واپسی کی کوشش کر رہی ہے۔ برازیل کے صدر لولا دا سلوا بھی پیر کو میڈرڈ پہنچ کر سانچیز کی حمایت کریں گے۔
ووکس کے رہنما سانتیاگو اباسکال نے ’’یہی عقل کی بات ہے‘‘ کا نعرہ دیا ہے اور اپنی انتخابی مہم میں قومی ترجیحات، امیگریشن پالیسی اور دیگر نظریاتی معاملات پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔
ادھر بائیں بازو کی جماعت فرنٹے امپلیو رہائش، دولت کی منصفانہ تقسیم اور پنشن کے مسائل کو اجاگر کر رہی ہے، جبکہ پوڈیموس کی رہنما آئرین مونتیرو نے کم از کم اجرت میں اضافے اور ہفتہ وار اوقاتِ کار میں کمی کے وعدے کیے ہیں۔
انتخابی مہم کے دوران سیاسی جماعتیں جلسوں، عوامی رابطوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے ووٹروں کو متحرک کرنے کی کوشش کریں گی۔ مبصرین کے مطابق 29 نومبر کے انتخابات میں عوامی شرکت اور ووٹروں کی بڑی تعداد میں پولنگ میں شرکت فیصلہ کن کردار ادا کرسکتی ہے۔
