اسپین،دو مختلف کارروائیوں میں 24,520 غیر قانونی ویپ یا الیکٹرانک سگریٹس برآمد

IMG_1555

سیویا (دوست مانیٹرنگ ڈیسک)گواردیاسیول پولیس نے دو مختلف کارروائیوں میں 24,520 غیر قانونی ویپ یا الیکٹرانک سگریٹس برآمد کیے ہیں جن کی مارکیٹ میں مجموعی مالیت تقریباً 3 لاکھ 12 ہزار 480 یورو بنتی ہے۔

پہلی کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب گواردیا سیول کی فِسکل اور بارڈر پیٹرول یونٹ کو اطلاع ملی کہ پولینڈ سے آنے والا ایک ٹرک غیر قانونی سامان لے کر اسپین میں داخل ہو رہا ہے۔ اہلکاروں نے سیویا صوبے میں A-4 شاہراہ پر مشتبہ ٹرک کو روکا اور تلاشی کے دوران 12,200 ویپ برآمد کیے جن کی مالیت 1 لاکھ 46 ہزار 400 یورو تھی۔ یہ سامان سیویا کی ایک کمپنی کے لیے بھجوایا جا رہا تھا۔

ڈرائیور کو حراست میں لے کر اسمگلنگ اور صحت عامہ کے قوانین کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا گیا، جب کہ تمام غیر قانونی سامان قبضے میں لے کر بعد میں تلف کر دیا گیا۔

دوسری کارروائی کے دوران، الجزیرس (قادس) کی ایک کمپنی پر نظر رکھی جا رہی تھی۔ گواردیا سیول نے ایک وین کو روکا جو سیویا صوبے سے گزر رہی تھی اور الجزیرس جا رہی تھی۔ تلاشی کے دوران اہلکاروں نے 12,320 غیر قانونی ویپ برآمد کیے جن کی مالیت تقریباً 1 لاکھ 72 ہزار 480 یورو تھی۔ ان مصنوعات کی قانونی حیثیت یا طبی سرٹیفکیشن ثابت نہیں ہو سکا۔

حکام نے دو افراد کو گرفتار کیا ہے جن پر اسمگلنگ، عوامی صحت کو خطرے میں ڈالنے، جعل سازی، صنعتی املاک کی خلاف ورزی اور دھوکہ دہی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزمان یہ ویپ مصنوعات آن لائن پلیٹ فارمز اور تمباکو نوشی کی خصوصی دکانوں کے ذریعے مختلف شہروں میں فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

تمام ضبط شدہ ویپ مصنوعات کو ان کے غیر واضح ماخذ اور ممکنہ صحت کے خطرات کے باعث مکمل طور پر تلف کر دیا گیا ہے۔ کارروائیاں گواردیا سیول کی فِسکل اور بارڈر پیٹرول، اوتریرا کی تحقیقاتی ٹیم، اور لاس پالاثیوس اسٹیشن کے اہلکاروں نے مشترکہ طور پر انجام دیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے