اسپین میں انتخابی مہم کے دوران ڈیجیٹل پروپیگنڈے پر ہونے والے اخراجات ایک ایسا راز بن چکے ہیں جس کے بارے میں نہ عوام کو معلومات ہیں اور نہ ہی واضح طور پر معلوم ہو پاتا ہے کہ یہ مہم کون چلا رہا ہے اور اس کے لیے رقم کون فراہم کر رہا ہے۔ مصنوعی ذہانت (AI)، سوشل میڈیا اور آن لائن پیغام رسانی کے ذرائع نے سیاسی تشہیر کے نئے راستے کھول دیے ہیں، جہاں نگرانی اور شفافیت ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے۔
یورپی یونین نے سیاسی اشتہارات میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے 13 مارچ 2024 کو ضابطہ نمبر 2024/900 منظور کیا تھا، جس کے تحت اشتہارات کے مالی معاونین اور اخراجات کی تفصیلات ظاہر کرنا ضروری قرار دیا گیا۔ تاہم اس ضابطے کے بعد گوگل اور میٹا جیسی بڑی کمپنیوں نے یورپی یونین میں سیاسی اور انتخابی اشتہارات پر پابندی عائد کر دی۔
گوگل اسپین کے ترجمان کے مطابق 2025 سے یورپی یونین کی تمام گوگل سروسز پر سیاسی اشتہارات ممنوع ہیں۔ اسی طرح فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا نے بھی قانونی تقاضوں اور غیر یقینی صورت حال کو اس فیصلے کی وجہ قرار دیا ہے۔
اس کے باوجود سوشل میڈیا پر سیاسی جماعتوں کے حق میں مواد کی تشہیر جاری ہے۔ مصنوعی ذہانت کے ذریعے بنائی جانے والی مختصر ویڈیوز، میمز اور بظاہر عام شہریوں کی جانب سے شیئر کی جانے والی پوسٹس کو اب ’’سلوپاگاندا‘‘ (Slopaganda) کہا جا رہا ہے۔
سیاسی جماعتوں کے انتخابی اخراجات کی نگرانی کا ذمہ دار ادارہ ٹریبونل دی کوینتاس (عدالتِ حسابات) ہے، تاہم اس کے اخراجات سے متعلق آڈٹ رپورٹس کئی سال بعد سامنے آتی ہیں۔ مزید یہ کہ ایک ہزار یورو سے کم کی بعض ادائیگیوں کی تفصیلات پیش کرنا لازمی نہیں۔
سوشل میڈیا کے ماہر اور محقق مارسِلینو مادریگال کے مطابق سیاسی جماعتیں ڈیجیٹل تشہیر کے اخراجات ظاہر نہیں کرتیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے جعلی ویڈیوز بنانا آسان ہو گیا ہے اور انتخابات کے دن تک سوشل میڈیا پر ووٹ مانگنے والے اکاؤنٹس سرگرم رہ سکتے ہیں۔
میڈرڈ کی کمپلوتینسے یونیورسٹی کے آئینی قانون کے پروفیسر رافائل روبیو کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل انتخابی مہم میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر حد سے زیادہ انحصار بھی ایک مسئلہ ہے، کیونکہ انہی پلیٹ فارمز کو سیاسی مداخلت روکنے کے اقدامات پر عمل درآمد کی ذمہ داری بھی سونپی جا رہی ہے۔
