بارسلونا میں کرسمس کی تقریبات کا آغاز بڑے پیمانے پر ہونے جا رہا ہے۔ شہری انتظامیہ کے مطابق جمعرات 26 نومبر کو معروف شاہراہ پاسیج دے گراسیا (Passeig de Gràcia) پر کرسمس کی روشنیوں کو روشن کرنے کی روایتی تقریب میں 30 ہزار سے 40 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔
بارسلونا سٹی کونسل کا کہنا ہے کہ اس سال تقریب میں شرکا کی تعداد موسم کی صورتحال، خصوصاً بارش، سے متاثر ہو سکتی ہے۔ انتظامیہ کو توقع ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس مرتبہ لوگوں کی تعداد کم رہے گی۔ 2025 میں تقریب کے دوران تقریباً 46 ہزار افراد نے شرکت کی تھی۔
بارسلونا اربن گارڈ کے اعلیٰ افسر اور ڈویژن کوآرڈینیشن کے سربراہ جوردی گوریرو نے سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک کی پابندیوں اور آمدورفت سے متعلق ہدایات جاری کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس روز نجی گاڑیوں کے استعمال سے گریز کریں۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ شہری پلاسا کاتالونیا (Plaça Catalunya) یا یونیورسیتات (Universitat) سے پیدل تقریب کے مقام تک پہنچیں۔ ان کے مطابق کرسمس لائٹس کا نظارہ پاسیو دے گراسیا کے کسی بھی حصے سے کیا جا سکتا ہے، اس لیے مرکزی اسٹیج کے قریب جمع ہونے کی ضرورت نہیں۔
اس سال مرکزی اسٹیج پاسیو دے گراسیا کے بالائی حصے میں، کیریئر روسیو (Carrer Rosselló) اور ایوینیدا دیاگونال (Avinguda Diagonal) کے قریب بنایا گیا ہے۔ اس کی تیاری کے لیے پیر 23 نومبر سے ہی ٹریفک اور بسوں کے راستوں میں تبدیلیاں شروع کر دی گئی تھیں۔
تقریب شام 6 بجے شروع ہوگی اور ساڑھے 6 بجے اختتام پذیر ہوگی، جبکہ شام 7 بجے سے ٹریفک کی معمول کی صورتحال بحال کرنے کے اقدامات شروع کیے جائیں گے۔
اربن گارڈ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کرسمس لائٹس کے ساتھ تصاویر بنانے کے لیے سڑک پر نہ اتریں۔ افسر جوردی گوریرو نے کہا کہ ایک تصویر کسی کی جان یا جسمانی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں بننی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیدل چلنے والوں کے لیے سبز سگنل کے دوران سڑک پر تصاویر بنانا بھی ٹریفک میں رکاوٹ پیدا کرتا ہے۔ کرسمس کے پورے سیزن میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے خصوصی نگرانی جاری رہے گی۔
