میڈرڈ اور بارسلونا میں عام ہڑتال: میٹرو میں تاخیر اور ٹریفک کی بندش کا امکان

میڈرڈ/بارسلونا(دوست مانیٹرنگ ڈیسک)اسپین میں 15 اکتوبر کو فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی اور “غزہ میں نسل کشی” کے خلاف ملک گیر عام اور طلبہ ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔ یہ ہڑتال مختلف مزدور تنظیموں اور فلسطین نواز انجمنوں نے مشترکہ طور پر دی ہے، جن میں کنفیڈریشن جنرل آف لیبر (CGT)، سولیداری داد اوبررا، الترنیتیوا سندیکال دے کلاسے (ASC) اور کنفیڈریشن انترسندیکل شامل ہیں۔
ہڑتال کے دوران پورے ملک میں 24 گھنٹے کے احتجاج، جزوی ہڑتالوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ منتظمین کے مطابق اس اقدام کا مقصد “غزہ پر حملوں میں بین الاقوامی طاقتوں کی شراکت” کو بے نقاب کرنا اور اسرائیل سے تعلقات کے خاتمے کا مطالبہ کرنا ہے۔
یہ احتجاج اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور حماس کے درمیان امن منصوبے کے پہلے مرحلے کا اعلان کیا ہے، تاہم تنظیموں نے اعلان کیا ہے کہ ہڑتال کی کال برقرار رہے گی۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ بدھ کے روز میڈرڈ، بارسلونا اور دیگر بڑے شہروں میں میٹرو اور بسوں میں تاخیر، ٹریفک جام اور سڑکوں کی بندش متوقع ہے۔ جنرالیتات آف کاتالونیا نے ٹرانسپورٹ کے لیے 66 فیصد خدماتِ کم از کم مقرر کی ہیں، جب کہ میٹرو بلباؤ نے 30 فیصد سروس برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
شہریوں کو مرکزی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ چھوٹے کاروبار، دفاتر اور دکانیں بھی متاثر ہوسکتی ہیں اگر ملازمین ہڑتال میں شامل ہوئے۔
فلموتیکا دے کاتالونیا نے ہڑتال کے باعث بدھ کے روز اپنی تمام سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، جن میں فلمی نمائشیں اور لائبریری کی سروس شامل ہیں۔
طلبہ کی شرکت سندیکاتو دے استودیانتس کی کال کے تحت ہوگی، اور اگر غیرحاضری کا جواز موجود ہو تو تعلیمی ادارے کارروائی نہیں کریں گے۔ طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ احتجاج کے شیڈول سے پہلے ہی انتظامیہ کو آگاہ کریں۔
میڈرڈ میں مرکزی مظاہرہ شام 7 بجے آتوچا سے شروع ہو کر پلازا دے کایاو پر اختتام پذیر ہوگا، جبکہ بارسلونا، والنسیا، سیویلا، بلباؤ اور مالاگا میں بھی ریلیاں نکالی جائیں گی۔
دوسری جانب UGT اور CCOO نے مکمل ہڑتال سے تو لاتعلقی ظاہر کی ہے، مگر دو گھنٹے کے جزوی احتجاج اور علامتی اجتماعات کا اعلان کیا ہے، جن کے اوقات درج ذیل ہیں:
- صبح کی شفٹ: 10:00 تا 12:00
- شام کی شفٹ: 17:00 تا 19:00
- رات کی شفٹ: 02:00 تا 04:00
منتظمین نے تمام شرکاء سے اپیل کی ہے کہ احتجاج پُرامن رکھیں اور مقامی حکام سے تعاون کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
حکومت کے مطابق بنیادی سہولیات جیسے ایندھن اور گیس کی ترسیل متاثر نہیں ہوگی، اور پٹرول پمپ معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔