بارسلونا میں بے گھر افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے نیٹ ورک (XAPSLL) نے جمعرات کے روز پلاسا نووا میں ایک علامتی سرگرمی کا انعقاد کیا، جس کا مقصد سڑکوں پر زندگی گزارنے والے افراد کے مسائل اور ان کے بنیادی حقوق کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔
اس سرگرمی کے دوران ایک خالی سوٹ کیس نصب کیا گیا، جس میں مختلف اشیا رکھ کر بے گھر افراد کی زندگی سے جڑی مشکلات کو اجاگر کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے 12 مختصر کہانیوں کے ذریعے ان مسائل کی نشاندہی کی گئی جن کا سامنا بے گھر افراد کو روزانہ کرنا پڑتا ہے۔ ان میں غربت کی بنیاد پر امتیازی سلوک، خواتین کی غیر محفوظ صورتحال، صحت کے مسائل اور سرکاری کارروائیوں میں درپیش انتظامی و دفتری رکاوٹیں شامل ہیں۔
’’Se’ns fa tard! Ningú sense llar‘‘ یعنی ’’اب دیر ہو رہی ہے! کوئی بھی بے گھر نہ رہے‘‘ کے عنوان سے منعقدہ اس مہم میں تنظیم نے واضح کیا کہ بے گھر افراد محض اعداد و شمار نہیں بلکہ شناخت، عزت اور حقوق رکھنے والے شہری ہیں۔
بارسلونا میں 2,190 افراد سڑکوں پر سوتے ہیں
بارسلونا سٹی کونسل کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق شہر میں اس وقت 2,190 افراد کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں۔ ان میں 92 فیصد مرد ہیں، جبکہ 60 فیصد افراد کی عمریں 30 سے 50 سال کے درمیان ہیں۔ ان افراد کی بڑی تعداد سانٹس مونٹجوئیک، سانت مارتی، سیوتات بییا اور ایل ایکسامپل کے علاقوں میں موجود ہے۔
بے گھر افراد میں 83.3 فیصد تشدد کا شکار ہوئے
آرلس فاؤنڈیشن کے مطابق 2025 کے دوران بارسلونا میں سڑکوں پر رہنے والے 83.3 فیصد افراد کو کسی نہ کسی قسم کے تشدد یا حملے کا سامنا کرنا پڑا۔ ہر دس میں سے چھ افراد کو گالیوں، دھمکیوں یا تذلیل کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ تقریباً نصف افراد جسمانی تشدد کا شکار ہوئے۔
تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی نشاندہی اور رپورٹنگ کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ ان کے مطابق نفرت پر مبنی جرائم کے عمومی اعداد و شمار میں نسل پرستی اور ہم جنس پرستی کی بنیاد پر امتیازی سلوک جیسے عوامل تو شامل ہیں، لیکن بے گھر افراد کے خلاف ہونے والے امتیازی سلوک کو مناسب طور پر شمار نہیں کیا جاتا۔
تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ بے گھر افراد کو تحفظ، عزت اور بنیادی شہری حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
