سَبادیل میں ایمیزون کے تقریباً چار ہزار پیکج غائب، مالیت دو لاکھ یورو سے زائد
Screenshot
ویلنسیا / بارسلونا(دوست مانیٹرنگ ڈیسک)ایمیزون کے تقریباً 3,767 پیکج جن کی مجموعی مالیت 1,93,000 یورو سے زیادہ بتائی گئی ہے، جرمنی سے اسپین لائے جانے والے ایک ٹرک سے پراسرار طور پر غائب ہوگئے۔ یہ ٹرک سَبادیل (Barcelona) کے قریب ایمیزون کے لاجسٹک مرکز BCN8 پہنچا تو کمپنی کے کنٹرول سسٹم نے سامان کی کمی ظاہر کی۔ واقعے کو پیش آئے چھ ماہ گزر چکے ہیں، مگر ابھی تک چوری کے ذمہ داروں کا سراغ نہیں مل سکا۔
یہ کیس ایک ویلنسیا کی ٹرانسپورٹ کمپنی نے درج کرایا ہے جس کے ذریعے ایمیزون اسپین میں زیادہ تر زمینی ترسیلات انجام دیتا ہے۔ کمپنی کے مالک کے مطابق “اس وقت ہمارے پاس خالی ٹرک نہیں تھے، اس لیے ہم نے یہ کام دوسری کمپنی کو سب کنٹریکٹ پر دیا۔”
ذرائع کے مطابق، ترسیل کا یہ عمل چار مختلف کمپنیوں کے ذریعے ایک دوسرے کو منتقل ہوتا رہا ابتدا میں رِبا-روخا کی کمپنی نے اسے پاتِرنا کی کمپنی کو دیا، جس نے مزید اسے رومانیہ کی ایک ٹرانسپورٹ فرم کے سپرد کر دیا۔ بعد ازاں یہ سروس مبینہ طور پر ایک اور ذیلی گروپ کو منتقل کی گئی۔
چوری کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایمیزون کے مانیٹرنگ سسٹم نے جو ہر ٹرک کی روانگی اور آمد پر ویڈیو ریکارڈنگ اور انوینٹری چیک کرتا ہے یہ ظاہر کیا کہ تقریباً چار ہزار پیکج غائب ہیں۔
چوری کی اطلاع کے بعد ایمیزون نے متعلقہ ٹرانسپورٹ کمپنی کو آگاہ کیا، جس نے واقعہ تورّینت کی پولیس اسٹیشن میں رپورٹ کیا۔ کچھ دن بعد پاتِرنا کی کمپنی نے بھی علیحدہ شکایت درج کرائی۔ تاہم پولیس نے دونوں مقدمات “نامعلوم ملزم” کی بنیاد پر عارضی طور پر بند کر دیے ہیں، اور یہ واضح کیا ہے کہ اگر تحقیقات سے کسی شخص یا گروہ پر شبہ ثابت ہوا تو کیس دوبارہ کھولا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، ایسے ڈکیتیوں اور ٹرک چوری کے واقعات سَبادیل کے صنعتی علاقوں اور ایمیزون کے گوداموں کے اطراف عام ہیں۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مجرم گروہ اکثر موٹروے پر رُکے ہوئے ٹرکوں کے بجائے اُن گاڑیوں کو نشانہ بناتے ہیں جو گوداموں کے قریب رات گزارتے ہیں۔
فی الحال، چوری شدہ سامان کا کوئی سراغ نہیں ملااور ایمیزون کے لاکھوں یوروز مالیت کے پیکج ہوا میں غائب ہو چکے ہیں۔