اسپین/ مرسیا میں عوامی مقامات پر برقع اور چہرہ چھپانے والے لباس پر پابندی کی تجویز
Screenshot
مرسیا(دوست مانیٹرنگ ڈیسک)اسپین کی سیاسی جماعت ووکس (Vox) نے ریجن آف مرسیا میں عوامی مقامات پر برقع سمیت ایسے تمام اسلامی ملبوسات پر پابندی کی تجویز پیش کی ہے جو چہرہ چھپاتے ہیں۔
پارلیمانی رکن ورجینیا مارتینیز نے اسمبلی میں اعلان کیا کہ ان کی جماعت نے اس حوالے سے ایک باضابطہ تجویز جمع کرائی ہے، جس کا مقصد “خواتین اور بچیوں کی آزادی، مساوات اور وقار کو یقینی بنانا” ہے۔
ان کے مطابق یہ اقدام خاص طور پر تعلیمی اداروں میں نافذ کیا جانا چاہیے تاکہ “چھوٹی بچیوں کو تحفظ دیا جا سکے اور ایک ایسی معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے جو آزادی اور احترام کے اصولوں پر مبنی ہو”۔
مارتینیز نے کہا، “ہم چاہتے ہیں کہ بچیاں آزاد ہوں، جیسا چاہیں پہن سکیں، ان قید خانوں سے نہیں جو انہیں دبانے کے لیے بنائے گئے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ “ووکس واحد جماعت ہے جو مرد و عورت کے درمیان حقیقی مساوات اور خواتین کے تحفظ کے لیے کھڑی ہے۔”
ان کا کہنا تھا کہ “یہ امر حیران کن ہے کہ جو لوگ یورپ میں خود کو خواتین کے حقوق کا محافظ کہتے ہیں، وہی ایسی ثقافتوں کو فروغ دیتے ہیں جو خواتین کے حقوق سے ہم آہنگ نہیں۔”