میسی کی چھوٹی بہن کی شادی ٹریفک حادثے کے باعث ملتوی“ریڑھ کی ہڈی میں متعدد فریکچر ہیں”
Screenshot
ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کی چھوٹی بہن ماریا سول میسی ایک سنگین ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئی ہیں، جس کے باعث ان کی آئندہ ماہ ہونے والی شادی ملتوی کر دی گئی ہے۔ برطانوی اخبار دی مرر کے مطابق 32 سالہ کاروباری اور ٹیکسٹائل ڈیزائنر ماریا سول کو یہ حادثہ امریکی شہر میامی میں پیش آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ماریا سول 3 جنوری 2026 کو انٹر میامی کے تکنیکی عملے کے ایک رکن جولیان ارییانو سے شادی کرنے والی تھیں، مگر حادثے میں شدید زخمی ہونے کے باعث اب یہ تقریب مؤخر کر دی گئی ہے۔ وہ میامی سے ارجنٹائن روانہ ہونے والی تھیں تاکہ کرسمس اہل خانہ کے ساتھ گزار سکیں اور شادی کی آخری تیاریاں مکمل کریں۔
لیونل میسی کی والدہ کے مطابق ماریا سول ڈرائیونگ کے دوران اچانک بے ہوش ہو گئیں، گاڑی پر قابو نہ رکھ سکیں اور دیوار سے ٹکرا گئیں۔ ہنگامی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
میسی کی والدہ کے مطابق “شادی منسوخ نہیں کی گئی بلکہ مؤخر کی گئی ہے” اور جب ماریا سول جسمانی اور ذہنی طور پر تیار ہوں گی تو نئی تاریخ طے کی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ لیونل میسی پہلے ہی اپنے شیڈول کے مطابق 7 جنوری تک ارجنٹائن میں موجود رہیں گے اور اس مشکل وقت میں اپنی بہن کے ساتھ ہوں گے۔
ماریا سول اور جولیان ارییانو ایک دوسرے کو بچپن سے جانتے ہیں اور کئی برسوں سے رشتے میں ہیں۔ دونوں 2017 میں لیونل میسی اور انتونیلا روکوزو کی شادی میں بھی ایک ساتھ شریک ہوئے تھے۔