بارسلونا بیشتر قیمتوں میں استحکام رہے گا،بائسنگ مہنگا ہوگا
Screenshot
تِبیدابو اور پارک گوئیل کے ٹکٹوں کی قیمتیں تبدیل نہیں ہوں گی
بارسلونا(دوست نیوز)بارسلونا کی بلدیہ کی کمیسیون دے گوورن نے 2026 کے لیے عوامی اور نجی خدمات کی قیمتوں میں رد و بدل کی منظوری دے دی ہے۔ فیصلے کے مطابق زیادہ تر خدمات کی قیمتیں یا تو منجمد رہیں گی یا صارف قیمت اشاریے (IPC) کے مطابق معمولی طور پر اپ ڈیٹ کی جائیں گی، تاہم کچھ مخصوص خدمات جیسے بائسنگ اور بارسلونا چڑیا گھر مہنگے ہو جائیں گے۔ اس کے برعکس تِبیدابو، ایندولا اور بعض دیگر خدمات کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔
بائسنگ سروس میں فی سفر قیمت میں 15 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ الیکٹرک بائسنگ کی قیمت 30 منٹ کے لیے 0.35 یورو سے بڑھا کر 0.40 یورو کر دی جائے گی، جبکہ مکینیکل بائسنگ 0.70 یورو سے بڑھ کر 0.81 یورو ہو جائے گی۔ تاہم سالانہ سبسکرپشنز کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
بارسلونا چڑیا گھر کے ٹکٹ کی قیمت میں تقریباً 7 فیصد اضافہ ہوگا اور عام داخلہ 21.40 یورو سے بڑھ کر 23 یورو ہو جائے گا۔ یہ اضافہ سات سال بعد کیا جا رہا ہے۔
اس کے برعکس پارک گوئیل کی سیر کی قیمتیں برقرار رہیں گی، کیونکہ گزشتہ سال عام ٹکٹ 10 یورو سے بڑھا کر 18 یورو کیا گیا تھا۔ ماحولیاتی تعلیم کی سرگرمیاں، گرین پوائنٹس اور توانائی کے خود استعمال سے متعلق خدمات بھی 2025 کی قیمتوں پر ہی دستیاب رہیں گی۔
ضلع سطح کے مراکز جیسے سِوک سینٹرز، کمیونٹی ہالز اور لُڈوٹیکاز میں قیمتیں آئی پی سی کے مطابق تقریباً 2.4 فیصد بڑھائی جائیں گی۔ بے روزگار افراد اور معذور شہریوں کے لیے رعایتیں اور خصوصی سہولیات برقرار رہیں گی۔ یہی اضافہ تجارتی اور صنعتی فضلے کی وصولی پر بھی لاگو ہوگا۔
قبرستان بارسلونا میں نجی کریمیشن سروس کی قیمت میں تین سال کے دوران مجموعی طور پر 78 یورو کا تدریجی اضافہ کیا جائے گا۔ اس میں 2026 میں 8 فیصد، 2027 میں 5 فیصد اور 2028 میں مزید 5 فیصد اضافہ شامل ہے۔ یوں 2026 میں قیمت 408.74 یورو سے بڑھ کر 441.44 یورو ہو جائے گی۔
2026 کی تجویز میں بلدیاتی مارکیٹوں میں کلاس رومز اور کثیر المقاصد ہالز کے کرایے کے لیے نئی عوامی قیمتیں بھی شامل کی گئی ہیں، جو جگہ کی نوعیت کے مطابق طے کی جائیں گی۔