پولیس کی نئی وارننگ: گاڑی کے شیشے پر لگے QR کوڈ کو ہرگز اسکین نہ کریں

Screenshot

Screenshot

ثاراگوثا(دوست نیوز) پولیس نے ایک نئے دھوکہ دہی سے خبردار کیا ہے جو حالیہ دنوں میں گاڑیوں کے اگلے شیشوں پر نظر آ رہی ہے۔ اس فراڈ میں ایک کاغذ چپکا دیا جاتا ہے جو بظاہر ٹریفک جرمانے کی اطلاع معلوم ہوتا ہے اور اس پر درج ہوتا ہے کہ مکمل تفصیل جاننے کے لیے QR کوڈ اسکین کیا جائے۔

اگرچہ عام طور پر گاڑی کے شیشے پر کاغذ دیکھ کر یہی خیال آتا ہے کہ شاید غلط پارکنگ یا کسی اور خلاف ورزی پر جرمانہ ہوا ہے، مگر اب یہی طریقہ فراڈیوں نے اپنے مقصد کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس طرح کے کاغذات اکثر جعلی ہوتے ہیں۔

ثاراگوثا کی لوکل پولیس نے سوشل نیٹ ورک X پر اس حوالے سے عوام کو خبردار کیا ہے۔ اگرچہ شہر میں اس وقت اس فراڈ کا کوئی مصدقہ واقعہ سامنے نہیں آیا، لیکن احتیاط کے طور پر شہریوں کو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے ٹیکنالوجی ترقی کر رہی ہے، فراڈیے بھی نئے طریقے اپنا رہے ہیں، اور QR کوڈ ان کا تازہ ہتھیار ہے۔

اس جعلی نوٹس میں کوئی واضح معلومات درج نہیں ہوتیں، صرف ایک QR کوڈ ہوتا ہے۔ ڈر یا غصے میں مبتلا ڈرائیور عجلت میں اس کوڈ کو اسکین کر لیتا ہے تاکہ جرمانے کی رقم اور وجہ معلوم ہو سکے، اور یہی لمحہ فراڈیوں کے لیے کامیابی کا سبب بنتا ہے۔

پولیس کا صاف پیغام ہے:“اگر آپ کو اپنی گاڑی کے شیشے پر کسی مبینہ جرمانے کی اطلاع ملے جس میں QR کوڈ ہو تو اسے ہرگز اسکین نہ کریں۔”

یہ طریقہ کار QRishing کہلاتا ہے، جس کے ذریعے ایک کلک میں حساس معلومات چوری کی جا سکتی ہیں۔ QR کوڈ اسکین کرنے پر صارف کو ایک جعلی ویب سائٹ پر لے جایا جاتا ہے جہاں یا تو ذاتی معلومات مانگی جاتی ہیں یا جرمانے کے نام پر رقم ادا کرنے کا کہا جاتا ہے۔

ثاراگوثا کی لوکل پولیس نے واضح کیا ہے کہ اصل جرمانے اس طریقے سے کبھی بھی نوٹیفائی نہیں کیے جاتے۔ ان کا کہنا ہے کہ فراڈیوں کا اصل مقصد جعلی ویب سائٹس کے ذریعے لوگوں کے بینک کارڈ اور مالی تفصیلات حاصل کرنا ہوتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مشکوک نوٹس دیکھنے کی صورت میں پولیس سے رابطہ کریں اور کسی بھی QR کوڈ کو اسکین نہ کریں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے