آداموز میں ٹرین حادثہ: تین لاشیں نکالنے کے لیے ٹرین کو دو حصوں میں کاٹنے کا امکان
Screenshot
آداموز کے علاقے میں پیش آنے والے المناک ریلوے حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والی تیز رفتار آئیریو ٹرین اور دوسری پٹڑی پر چلنے والی الویا ٹرین کے تصادم کے نتیجے میں تباہ شدہ بوگیوں کے اندر سے تین لاشیں نکالنے کے لیے بھاری مشینری موقع پر پہنچا دی گئی ہے۔
ریسکیو ٹیموں کے مطابق الویا ٹرین کی دو بوگیاں چار میٹر گہرے پشتے میں جا گریں، جہاں وہ بری طرح دب گئی ہیں۔ ان ہی بوگیوں کے اندر تین افراد کی لاشیں موجود ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار 200 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ تھی، جس کے باعث نقصان کی شدت میں اضافہ ہوا۔
ماہرین کے مطابق 300 ٹن وزنی کرین کی مدد سے ان بوگیوں کو ہٹانے کا منصوبہ ہے، تاہم صورتحال کی پیچیدگی کے پیش نظر اس امکان کو بھی رد نہیں کیا جا رہا کہ بوگیوں کو وہیں موقع پر ٹکڑوں میں کاٹ کر لاشوں تک رسائی حاصل کی جائے۔
وزیر داخلہ فرنیندو گراندے مارلاسکا نے تصدیق کی ہے کہ تینوں لاشوں کی نشاندہی ہو چکی ہے اور آئندہ چند گھنٹوں میں انہیں نکال لیا جائے گا۔ رات بھر یو ایم ای، گواردیاسول اور دیگر ہنگامی ادارے بڑی کرین نصب کرنے اور حفاظتی انتظامات میں مصروف رہے۔
اب تک کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق حادثے میں 41 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 39 زخمی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں 13 بچے شامل ہیں جو آئی سی یو میں ہیں۔ اندلس کے صدر خوانما مورینو کے مطابق آئی سی یو میں زیر علاج زخمیوں کی جان کو فی الحال خطرہ نہیں۔ 83 افراد کو اسپتالوں سے ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد حتمی نہیں، کیونکہ مزید ممکنہ لاشوں کی تلاش جاری ہے۔ یو ایم ای، گواردیا سیول اور اندلس کی ایمرجنسی ٹیمیں سرچ آپریشن میں بدستور مصروف ہیں۔