آداموز ریلوے حادثہ: جاں بحق ہونے والے الویہ ٹرین کے ڈرائیور پابلو کا تعلق الکورکون سے تھا
Screenshot
میڈرڈ (دوست نیوز)قرطبہ کے علاقے آداموز میں پیش آنے والے المناک ریلوے حادثے میں جاں بحق ہونے والے الویہ ٹرین کے ڈرائیور پابلو بی. کا تعلق میڈرڈ کے مضافاتی شہر الکورکون سے تھا۔ یہ تصدیق بلدیاتی ذرائع نے کی ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والی الویہ ٹرین میڈرڈ کے پوئرتا دے آتوچا اسٹیشن سے ہُوئیلوا جا رہی تھی۔ مقامی میڈیا کے مطابق پابلو بی. کی عمر 28 برس تھی اور انہیں بطور ماہرِ ٹرین ڈرائیور پانچ سال سے زائد کا تجربہ حاصل تھا۔ اخبار ایل مُندو کے مطابق انہوں نے میڈرڈ کی یونیورسٹی کارلوس سوم سے کمپیوٹر انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی، بعد ازاں سیٹرین (Cetren) سے ماکنسٹ کی تربیت لی، لائسنس حاصل کیا اور پھر رینفے میں شمولیت اختیار کی۔ پابلو فوٹوگرافی کا شوق بھی رکھتے تھے اور اپنا کام انٹرنیٹ پر شائع کیا کرتے تھے۔
الکورکون کی بلدیہ نے ماکنسٹ کے اہلِ خانہ سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں متاثر ہونے والے دیگر افراد اور ان کے لواحقین سے بھی اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔ بلدیہ نے سوشل نیٹ ورک ایکس پر اپنے سرکاری پیغام میں کہا:“آداموز کے حادثے میں جان سے جانے والے ہمارے شہر کے نوجوان کی فیملی کے ساتھ دلی تعزیت اور مکمل تعاون کا اظہار کرتے ہیں۔”
اس کے علاوہ، میئر کیندیلاریا تیستا (پی ایس او ای) کی قیادت میں الکورکون کی بلدیاتی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ بلدیاتی اجلاس میں تمام جماعتوں کے اتفاقِ رائے سے ایک مشترکہ اور متفقہ تعزیتی اعلامیہ جاری کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔