سانچیز کی امیگرنٹس ریگولرائزیشن پالیسی سے اسپین میں مراکش کے قونصل خانوں میں غیر معمولی رش
Screenshot
اسپین میں وزیرِاعظم پیدرو سانچیز کی جانب سے تارکینِ وطن کو قانونی حیثیت دینے کے فیصلے کے بعد مراکش کے قونصل خانوں میں سرگرمی کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیشِ نظر وزارتِ خارجہ اور مراکش کے سرکاری اداروں کے مابین طے پایا ہے کہ اسپین میں موجود مراکش کے تمام بارہ قونصل خانے اب پیر سے اتوار تک، بشمول تعطیلات، خدمات انجام دیں گے۔
اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ جن افراد کے پاس پہلے سے وقت (اپائنٹمنٹ) موجود ہے، وہ ہفتے کے آخر یا تعطیلات کے دن بھی اپنے کاغذات مکمل کرا سکیں اور انہیں پیر تک انتظار نہ کرنا پڑے۔
اب تک قونصل خانوں کے اوقاتِ کار صبح سے سہ پہر تین بجے تک محدود تھے، تاہم نئے فیصلے کے تحت ہفتے کے دنوں میں یومیہ تین گھنٹے اضافی خدمات دی جائیں گی۔ اگرچہ اس اضافی دباؤ کا باقاعدہ اندراج نہیں کیا گیا، مگر حکام کے مطابق ریگولرائزیشن کے اعلان کے فوری اثرات سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔
مراکش کی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ “مراکش کے شہریوں کی خدمت اور ان کے مفادات کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔” مزید کہا گیا کہ قونصلر عملہ مسلسل الرٹ رہے گا تاکہ شہریوں کی مدد کی جا سکے، اور خدمات کی مؤثریت اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ بیان کا اختتام مراکش کے بادشاہ محمد ششم کے لیے دعا پر ہوا۔