روفیان بائیں بازو دانشور اور تیز و طرار سیاست دان ہیں،صحافی اینرک جولیانا

Screenshot

Screenshot

میڈرڈ: معروف صحافی اینرک جولیانا نے کانگریس میں ای آر سی کے ترجمان گیبریل روفیان کی جانب سے بائیں بازو کی جماعتوں کو ایک مشترکہ کثیرالقومی اتحاد میں جمع کرنے کی تجویز کو “سیاسی چالاکی” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روفیان اس وقت بائیں بازو کے سب سے مؤثر کمیونیکیٹر بن کر ابھرے ہیں۔

کیدینا سیر کے پروگرام ہورا 25 میں گفتگو کرتے ہوئے جولیانا نے کہا کہ روفیان مختصر اور کاٹ دار جملوں میں بات کرنے کا ہنر رکھتے ہیں۔ ان کے بقول روفیان سوشل میڈیا کی زبان سمجھتے ہیں، بات کو نشانے پر رکھتے ہیں اور اسی وجہ سے وہ بائیں بازو کے سب سے مؤثر سیاسی مقرر سمجھے جا سکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے اس رائے سے اختلاف کیا کہ ایتور کی رخصتی کے بعد روفیان ملک کے بہترین پارلیمانی مقرر بن گئے ہیں، البتہ انہیں بائیں بازو کا سب سے کامیاب سیاسی کمیونیکیٹر ضرور قرار دیا۔

یاد رہے کہ روفیان نے حالیہ دنوں تجویز دی تھی کہ پی ایس او ای کے بائیں جانب موجود جماعتیں ایک مشترکہ انتخابی پلیٹ فارم بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب دائیں بازو کے پاس تقریباً 200 نشستیں ہوں تو مختلف حکمت عملی اپنانا کوئی دیوانگی نہیں۔

جولیانا نے روفیان کی دس سالہ پارلیمانی زندگی کو ان کی “خود کو نئے انداز میں پیش کرنے کی صلاحیت” سے تعبیر کیا۔ ان کے بقول ابتدا میں سخت مؤقف کے ساتھ میڈرڈ آنے والے روفیان آج ہسپانوی بائیں بازو میں وفاقیت کی بات کر رہے ہیں اور حیران کن طور پر بائیں بازو کے بہت سے حامی اس وقت ان سے خاصے متاثر دکھائی دیتے ہیں۔

صحافی کے مطابق موجودہ سیاسی ماحول خاصا تناؤ کا شکار ہے اور مکالمے پر تلخی غالب ہے۔ ایسے میں بائیں بازو کے اندر مختلف لہجے سنائی دیتے ہیں، ایک طرف یولاندا دیاث کا نسبتاً نرم انداز ہے، دوسری طرف پودیموس کی سخت گیر زبان، اور ان دونوں کے بیچ روفیان کا انداز ہے جو “بائیں بازو کے گھریلو دانشور اور ذہین و تیز سیاست دان” کے درمیان جھولتا دکھائی دیتا ہے۔ جولیانا کے خیال میں یہی انداز اس وقت اثر دکھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ بِلدو، بی این جی اور خود ای آر سی نے بھی اس تجویز سے فاصلہ اختیار کیا ہے، اس کے باوجود روفیان کو سیاسی فائدہ ہوا ہے کیونکہ انہوں نے ایک ایسی بحث چھیڑ دی ہے جس کی طلب موجود ہے۔ جولیانا کے مطابق اس اقدام سے روفیان بارسلونا سے ای آر سی کے ممکنہ امیدوار کے طور پر مزید مضبوط ہوئے ہیں کیونکہ جماعت میں ان جتنا عوامی تعارف رکھنے والا کوئی اور رہنما نہیں۔

روفيان کے اس بیان پر بھی تبصرہ کیا گیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ الگیسیراس کے کسی شہری کی نمائندگی کر سکتے ہیں اور اس سے وہ کم کاتالان یا کم حامیِ آزادی نہیں ہو جاتے۔ جولیانا نے اسے سیاسی بصیرت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہت سے کاتالان شہری اس سوچ سے اتفاق کرتے ہیں۔

البتہ انتظامی صلاحیت کے حوالے سے جولیانا نے واضح کیا کہ اچھا مقرر ہونا اور اچھا منتظم ہونا دو مختلف باتیں ہیں۔ ان کے مطابق روفیان نے اب تک کسی وزارت یا علاقائی محکمہ کی سربراہی نہیں کی، اس لیے ان کی انتظامی صلاحیت کا امتحان نہیں ہوا۔

آخر میں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ مجوزہ اتحاد محض انتہائی دائیں بازو کو روکنے کے نعرے پر انتخاب میں اترتا ہے تو اسے کامیابی نہیں ملے گی، کیونکہ صرف مخالفت کی بنیاد پر کوئی جامع سیاسی پروگرام تشکیل نہیں دیا جا سکتا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے