برطانیہ میں مسلم کمیونٹی رمضان کے چاند پر ایک بار پھر تقسیم
برطانیہ میں مسلم کمیونٹی رمضان المبارک کے چاند پر ایک بار پھر تقسیم ہوگئی، جہاں دو مختلف دنوں میں رمضان کی روایت برقرار ہے۔
مرکزی جماعت اہل سنت یو کے اینڈ اوورسیز ٹرسٹ نے برطانیہ، یورپ اور کسی اسلامی ملک میں چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا۔
دوسری طرف مرکزی مسجد اسلامک کلچرل سینٹر ریجنٹ پارک نے برطانیہ میں پیر سے رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان کردیا۔
لندن سے جاری بیان میں جنرل سیکریٹری مرکزی جماعت اہل سنت علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے کہا کہ برطانیہ، یورپ اور کسی اسلامی ملک میں چاند نظر نہیں آیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ اور یورپ میں یکم رمضان منگل 12 مارچ کو ہوگی۔
برطانیہ میں سعودی تقلید کرنے والی مساجد نے رمضان کے آغاز کا اعلان کردیا۔
مرکزی مسجد اسلامک کلچرل سینٹر ریجنٹ پارک کے ترجمان صاحبزادہ مصباح المالک نے کہا کہ یو کے اینڈ یورپ ہلال فورم نے بھی پیر سے آغاز رمضان کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فورم سے وابستہ مساجد میں آج سے نماز تراویح ہوں گی۔