کاتالونیا میں ڈاکٹروں کی ہڑتال پیر اور جمعہ کو ہوگی، بہتر اوقاتِ کار اور مناسب آرام کو یقینی بنایا جائے، مطالبہ

Screenshot

Screenshot

بارسلونا: کاتالونیا کے ڈاکٹر بہتر کام کے حالات اور بڑھتے ہوئے پیشہ ورانہ دباؤ کے خلاف اس ہفتے پیر اور جمعہ کو ہڑتال کریں گے۔ یہ اعلان ڈاکٹروں کی تنظیم Metges de Catalunya نے کیا ہے، جس نے محکمہ صحت اور وزیر صحت اولگا پانے کو خبردار کیا ہے کہ اس تنازع کو مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

یونین کے مطابق ہڑتال کا مقصد ڈاکٹروں کے لیے بہتر اوقاتِ کار اور مناسب آرام کو یقینی بنانا، 24 گھنٹے کی آن کال ڈیوٹی کا خاتمہ، اور عملے کی کمی پوری کرنے کے لیے مزید بھرتیاں کرنا ہے تاکہ مریضوں کی بہتر دیکھ بھال ممکن ہو سکے۔ یونین کے جنرل سیکریٹری زاویئر لیونارٹ نے کہا کہ ڈاکٹر ایسے باوقار حالات چاہتے ہیں جن میں وہ اپنے مریضوں کا درست طریقے سے علاج کر سکیں۔

قومی سطح پر یہ ہڑتال پورے اسپین میں پیر سے جمعہ تک جاری رہے گی، جس کا اہتمام ہسپانوی کنفیڈریشن آف میڈیکل یونینز (CESM) نے کیا ہے۔ کاتالونیا میں ڈاکٹروں کو خاص طور پر پیر اور جمعہ کو ہڑتال میں حصہ لینے کی اپیل کی گئی ہے، تاہم وہ ہفتے کے دیگر دنوں میں بھی قومی ہڑتال کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ جمعہ کے روز کاتالونیا میں طبی عملہ اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرے بھی کرے گا۔ یہ احتجاج نیشنل ہیلتھ سسٹم کے طبی عملے کے لیے بنائے گئے اس نئے قانونی فریم ورک کے خلاف بھی ہے جس میں گزشتہ 20 سال سے کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی۔

اگرچہ وزارت صحت اور کچھ یونینز نے جنوری میں ایک معاہدہ کیا تھا، لیکن طبی تنظیموں نے اسے مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مطالبات کو مناسب طور پر شامل نہیں کیا گیا۔

ہڑتال کا سلسلہ ہر ماہ پانچ دن جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے اور یہ جون تک جاری رہ سکتا ہے۔

حکام کے مطابق ہڑتال کے باوجود ایمرجنسی سروسز، آئی سی یو، اور دیگر اہم شعبوں میں کم از کم عملہ موجود ہوگا، جبکہ ہنگامی نوعیت کے آپریشن معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے