اینیمل نہیں تو پھر کس فلم نے سب کچھ بدلا؟ تریپتی دیمری نے بتادیا
فلم اینیمل سے شہرت پانے والی اداکار تریپتی دیمری کا کہنا ہے کہ ان کے کیریئر کو فلم بُلبُل نے تبدیل کر کے رکھ دیا۔
جہاں سندیپ ریڈی وانگا کی فلم اینیمل نے کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے وہیں اس نے اس میں پرفارمنس دینے والے اداکاروں کو بھی نئی پہچان دے دی۔
تاہم تریپتی دیمری ان اسٹارز میں سے ہیں جنہیں اس فلم سے شہرت ملی، فلم میں انکے کردار زویا کو خوب پسند کیا گیا۔
تریپتی نے اپنے تازہ انٹرویو کے دوران اپنی گزشتہ فلموں کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ جب میری فلم لیلیٰ مجنوں ریلیز ہونے والی تھی اس وقت میں پالی مارکیٹ میں سبزیاں خرید رہی تھی۔
انکا کہنا تھا کہ میں اس وقت ایک کرائے کے اپارٹمنٹ میں رہتی تھی اور اپنے زیادہ تر کام خود ہی کیا کرتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت میں یہ سوچ رہی تھی کہ میری فلم ریلیز ہونے جارہی ہے لیکن میں اس شہرت کے ساتھ گھر سے باہر موجود نہیں کہ لوگ مجھے پہچان سکیں۔
تریپتی کا کہنا تھا کہ جب فلم ریلیز ہوئی تو کچھ ہی لوگ اسے دیکھنے گئے، یہ دیکھ کر میرا دل ٹوٹ گیا۔ لہٰذا میں نے اپنے کام کر توجہ شروع کی اور کئی ورکشاپس لیں جنہوں نے مجھے باشعور رکھا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد فلم بُلبُل آئی، جب میں نے اس فلم کےلیے آڈیشن دیا تو میرے اردر گرد کے لوگوں نے مجھ سے کہا کہ جب میں سنیما کر چکی ہوں تو پھر او ٹی ٹی کیوں کر رہی ہوں؟
اداکارہ نے بتایا کہ یہ وہ وقت تھا جب نیٹ فلکس نے بھارت میں صرف 8 ہی فلمیں کی تھیں جن میں سے بُلبُل ایک تھی۔ یہ میرے لیے ایک بہت بڑا رسک تھا۔
تریپتی کا کہنا تھا کہ لوگوں نے جب مجھ سے کہا کہ میں یہ فلم کیوں کر رہی ہوں تو میں نے انہیں جواب دیا کہ فلم کامیاب بھی ہوسکتی ہے اور ناکام بھی، میں یہ فلم اس لیے کرنا چاہتی ہوں کیونکہ مجھے اس کا کردار بہت پسند ہے، میں اس فلم کا تجربہ کرنا چاہتی ہوں۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ جب فلم ریلیز ہوئی تو اس نے میرے لیے سب کچھ بدل کر رکھ دیا۔