زیادہ کام کے بوجھ کے خلاف بارسلونا میں ڈاکٹروں کی کارنیوال طرز احتجاجی ریلی، نئی ہڑتال جاری
Screenshot
میڈیکل یونینز کا علیحدہ اجتماعی معاہدے اور بہتر کام کے حالات کا مطالبہ، برن آؤٹ پر تشویش
بارسلونا/ جمعہ کی صبح بارسلونا میں ڈاکٹروں نے ہڑتال کے ایک اور دن کے دوران سڑکوں پر احتجاجی مارچ کیا۔ اس سے قبل اسی ہفتے پیر کے روز بھی ہڑتال کی گئی تھی۔ یہ احتجاج اسپین بھر میں پانچ روزہ ہڑتال کے سلسلے کا حصہ ہے۔
یہ احتجاجی ریلی میتجس دے کاتالونیا (Metges de Catalunya) کی جانب سے منعقد کی گئی، جس میں سینکڑوں ڈاکٹروں نے شرکت کی۔ اس مارچ کو “کارنیوال آف پرِولیجز” کا نام دیا گیا۔ ریلی محکمہ صحت کی عمارت سے شروع ہوئی اور اسی مقام پر واپس پہنچنے کے لیے نکالی گئی۔
احتجاج کے دوران ڈاکٹروں نے مختلف بینرز اٹھا رکھے تھے، جن میں ایک نمایاں بینر پر لکھا تھا:
“کم سوٹ، زیادہ میڈیکل یونیفارم”
یہ مارچ پانچ مختلف علامتی گروپوں میں تقسیم تھا، جو ڈاکٹروں کے اہم مسائل کی نمائندگی کر رہے تھے، جن میں شامل ہیں:
- 24 گھنٹے کی مسلسل آن کال ڈیوٹیاں
- حد سے زیادہ کام کا بوجھ
- کام اور ذاتی زندگی کے درمیان عدم توازن
- طویل اوقاتِ کار
- عملے کی کمی
محکمہ صحت کے مطابق پیر کے روز ہونے والی ہڑتال میں صبح کے وقت شرکت کی شرح 6.5 فیصد جبکہ دوپہر میں 5.5 فیصد رہی۔ تاہم، میٹجس دے کاتالونیا کے مطابق مجموعی شرکت 39 فیصد تھی، جس میں بنیادی صحت کے مراکز میں 44 فیصد اور اسپتالوں میں 25 فیصد ڈاکٹروں نے ہڑتال میں حصہ لیا۔