اسپین سمیت یورپ میں پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات 2026 کا اعلان، ممبرشپ کی آخری تاریخ مقرر
Screenshot
پاکستان تحریک انصاف کے اوورسیز چیپٹرز میں انٹرا پارٹی انتخابات 2026 کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ اعلان PTI Overseas Election Commission کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اسپین، جرمنی اور فرانس کے چیپٹرز میں انتخابات منعقد ہوں گے، جس کے لیے ممبرشپ حاصل کرنے اور تجدید کی آخری تاریخیں بھی مقرر کر دی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جرمنی اور فرانس میں ممبرشپ کی آخری تاریخ 30 اپریل 2026 رکھی گئی ہے، جبکہ اسپین میں مقیم پاکستانی کارکنان اور عہدیداران 10 مئی 2026 تک ممبرشپ حاصل یا تجدید کر سکیں گے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد ممبرشپ پورٹل بند کر دیا جائے گا اور صرف رجسٹرڈ ممبران ہی انتخابی عمل میں حصہ لے سکیں گے۔

اسپین میں انتخابی شیڈول کے مطابق ابتدائی ممبران کی فہرست 11 مئی کو جاری کی جائے گی، جبکہ پینلز کی نامزدگی، تصدیق اور منشور جمع کروانے کے مراحل 11 سے 18 مئی کے درمیان مکمل کیے جائیں گے۔ اسپین میں قومی ایگزیکٹو باڈی کے انتخابات 22 مئی 2026 کو منعقد ہوں گے، جس کے لیے آن لائن ووٹنگ پورٹل آدھی رات سے رات 10 بجے تک کھلا رہے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد اسی روز نتائج جاری کیے جائیں گے اور باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جائے گا۔
پی ٹی آئی اوورسیز الیکشن کمیشن نے تمام کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت ممبرشپ مکمل کریں تاکہ وہ پارٹی کے جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لے سکیں۔