ماورا حسین کا محبت سے متعلق اہم انکشاف
پاکستانی اداکارہ ماورا حسین نے محبت کے حوالے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال سے محبت وہ ہوتی ہے جب دو لوگ ایک دوسرے کی حقیقی شخصیت کو جانتے ہوئے بھی ایک دوسرے کو قبول کرتے ہیں لیکن میں زیادہ نہیں بتا سکتی کیونکہ مجھے محبت نہیں ہوئی ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نے اپنے نئے ڈرامہ سیریل کی تشہیر کے لیے ایک ویب شو میں شرکت کی اور اپنے کیرئیر، نجی زندگی اور محبت کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
دوران انٹرویو میزبان نے اداکارہ سے محبت کے حوالے سے ان کے خیالات پوچھے جس پر انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ زندگی میں پہلے ہی بہت مشکلات ہیں اس لیے محبت کو آسان ہونا چاہیے، جس میں آزادی ہو اور دو لوگ باآسانی ایک دوسرے کو سمجھ سکیں، ایک دوسرے کی حقیقت کو قبول کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں ہم اپنے لیے ماں باپ بہن بھائیوں سمیت دیگر رشتوں کو چُن نہیں سکتے، وہ قدرت کے عطا کردہ ہوتے ہیں، تو ہمیں ان رشتوں سے جڑی پریشانیوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے اس لیے ہم خود کو قصوروار نہیں ٹھہراتے اور نہ ہی ناشکری کرتے ہیں لیکن جس شخص سے محبت ہو، اس کا انتخاب ہم خود کرسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم خود اس شخص کا انتخاب کرتے ہیں اس لیے ہمیں ایسے شخص کا انتخاب کرنا چاہیے جس کے ساتھ زندگی آسان ہو کیونکہ زندگی میں پہلے ہی بہت مسئلے ہیں ، محبت تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔
اداکارہ کے جواب پر میزبان نے سوال کیا کہ کیا یہ(محبت) آسان ہے؟
اداکارہ نے کہا کہ نہیں یہ آسان نہیں ہے، یہ میں کیسے بتاسکتی ہوں کیونکہ میں فی الحال محبت کے رشتے میں نہیں ہوں۔
انہوں نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میں ایسی محبت کی تلاش میں ہوں جو آسان ہو، آسان سے میرا مطلب یہ نہیں ہے کہ میں محبت میں سست ہونا چاہتی ہوں بلکہ دونوں تعلقات آسان ہوں، جو جیسا ہے، ہم ویسے ہی ایک دوسرے کو قبول کریں۔
واضح رہے کہ اداکارہ کا یہ بیان ایک اسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان کی اور ان کے بہترین دوست اور اداکار امیر گیلانی کے حوالے سے خبریں گردش میں ہیں۔
خیال رہے کہ ماضی میں ماورا حسین نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ امیر گیلانی ایک زبردست انسان ہیں اور ہم دونوں بہت گہرے دوست ہیں اور اگر دو دوست آپس میں شادی کرنا چاہیں تو شادی بھی کرسکتے ہیں۔