انٹرا پارٹی الیکشن پاکستان تحریک انصاف اسپین 

IMG_1725

تحریر۔عبدالصبور چوہدری سابق سیکریٹری جنرل و بانی ممبر پاکستان تحریک انصاف اسپین

جیسا کہ آپ تمام اراکین کے علم میں ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اوورسیز کے بعض ممالک میں انٹرا پارٹی الیکشنز کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے، جن میں اسپین بھی شامل ہے۔ میں بطور سابق سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی اسپین اور بانی رکن، اس حوالے سے پارٹی قیادت اور کارکنان کے سامنے اپنا مؤقف واضح کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔

پاکستان تحریک انصاف یورپ کی دو مشاورتی میٹنگز بذریعہ زوم منعقد ہوئیں، جن میں تقریباً 98 فیصد پارٹی رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پارٹی کی موجودہ نازک اور غیر معمولی صورتحال میں انٹرا پارٹی الیکشنز کا انعقاد مناسب نہیں، کیونکہ اس سے پارٹی کے اندر اتحاد اور یکجہتی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ان میٹنگز میں متفقہ طور پر یہی مؤقف اختیار کیا گیا۔

مزید برآں، حال ہی میں بیلجیئم میں منعقدہ پی ٹی آئی اوورسیز کانفرنس میں، پی ٹی آئی کے سیکریٹری OIC کی موجودگی میں بھی، ہم نے انٹرا پارٹی الیکشنز کے اعلان پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر یہ مؤقف واضح کیا گیا کہ انٹرا پارٹی الیکشنز کے موجودہ طریقۂ کار میں اصلاحات (ریفارمز) کی اشد ضرورت ہے، جو باہمی مشاورت سے طے کی جانی چاہئیں، اور پارٹی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر الیکشنز کو مؤخر کیا جانا زیادہ مناسب ہو گا۔ اس کے باوجود جاری کردہ نوٹیفکیشن پر عملدرآمد ہمارے لیے باعثِ تشویش اور حیرت ہے۔

اسپین میں ہونے والے انٹرا پارٹی الیکشنز کے حوالے سے ہمارا مؤقف بالکل واضح ہے۔ اختلافِ رائے ہر پارٹی رکن کا جمہوری حق ہے۔ گزشتہ انٹرا پارٹی الیکشن میں ہمارے مقابل آنے والے گروپ کی جانب سے ایک بار پھر الیکشن میں جانے کے فیصلے کو ہم ان کا آئینی و جمہوری حق سمجھتے ہیں اور اس کا احترام کرتے ہیں۔

ہم یہ بھی واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اگر کوئی بھی گروپ انٹرا پارٹی الیکشنز میں حصہ لینے کا فیصلہ کرتا ہے تو ہم اس عمل کو جمہوری طور پر درست سمجھتے ہیں، اور کسی قسم کی محاذ آرائی، ذاتی اختلاف یا غیر ضروری سیاسی کشیدگی کے قائل نہیں ہیں۔

جو دوست اس وقت انٹرا پارٹی الیکشنز کے عمل میں شامل ہو رہے ہیں، انہیں یقیناً پارٹی کی موجودہ مجموعی صورتحال، الیکشنز میں درکار اصلاحات، اور الیکشن کے بعد پارٹی کو مؤثر انداز میں چلانے سے متعلق درپیش چیلنجز کا مکمل ادراک ہو گا۔

آخر میں یہ بات واضح کرنا ضروری ہے کہ الحمدللہ ہمارا پینل پارٹی کے بانی اراکین پر مشتمل رہا ہے، اور اسپین میں انٹرا پارٹی الیکشنز کے انعقاد، مسلسل انتخابی عمل میں حصہ لینے اور کامیابی حاصل کرنے کا اعزاز رکھتا ہے۔

تاہم، پارٹی کی موجودہ صورتحال جو پوری دنیا کے سامنے ہے کے تناظر میں انٹرا پارٹی الیکشنز کے انعقاد پر ہمارا اختلاف اصولی اور بدستور قائم ہے۔

اور آخر میں یہ گزارش کروں گا کہ جس وقت ہمارے قائد جناب عمران خان سمیت ہزاروں کی تعداد میں بے گناہ اسیران قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں،وہ صحت کے مسائل سے گزر رہے ہیں،پارٹی کو کس طرح سے دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے،اوورسیز میں موجود پارٹی عہدیداران و ممبران کی پاکستان میں موجود فیملیز کیساتھ کیا کچھ کیا جا رہا ہے،بے شمار پارٹی عہدیداران و ممبران عرصہ دراز سے اپنے وطن واپس نہیں جا رہے ہیں-

ایسے حالات میں ہمیں باہمی اتفاق و اتحاد کی سخت ضرورت ہے تا کہ ہم یک جان ہو کر اوورسیز کے ممالک میں اپنی آواز بلند کر سکیں اور اپنے قائد جناب عمران خان صاحب کی بہنوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہو سکیں تا کہ عمران خان صاحب کی اور دیگر پارٹی قیادت اور کارکنان کی رہائی کے لئے کردار ادا کر سکیں-

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے