عظمیٰ کاردار زیورات چوری کے موقف پر قائم
رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ وہ اپنے موقف پر قائم ہیں، زیورات چوری ہوئے ہیں۔
جیو نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو میں عظمیٰ کاردار نے کہا کہ وہ زیورات کہیں بھی نہیں بھولی ہیں، اُن کے چوری شدہ زیوارت برآمدات کروائے جائیں۔
ماڈل ٹاؤن کلب سے رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار کے زیورات چوری کا کیس میں تاحال کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی ہے۔
ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن شہزاد رفیق نے کہا کہ زیورات گھر بھول جانے کے متعلق کوئی اطلاع نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ عظمیٰ کاردار کی مقدمہ اخراج کےلیے کوئی درخواست نہیں آئی، تحقیقات جاری ہیں، سی سی ٹی وی اور دیگر شواہد پر کارروائی جاری ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن نے مزید کہا کہ عملےکی 4 خواتین سے ہر طرح کی پوچھ گچھ کی گئی، اُن پر تشدد نہیں کیا گیا۔ سردست چوری ثابت نہیں ہوئی۔
یاد رہے کہ عظمیٰ کاردار کے زیورات مبینہ طور پر غائب ہوگئے، انہوں نے لاہور میں نجی کلب کی خواتین ملازمین پر چوری کا الزام لگادیا اور ان کے خلاف پرچہ کٹوا دیا۔