فوج کی آپریشنل تیاریوں کیلئے تمام وسائل دیں گے، وزیر اعظم شہباز شریف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم شہباز شریف کا خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت مسلح افواج کی آپریشنل تیاریاں یقینی بنانے کیلئے تمام درکار وسائل دے گی، پاکستان کا عروج ملک کا مقدر ہے، پاکستان کا پُرامن عروج یقینی بنانے کیلئے مسلح افواج کے کردار کی اہمیت کو کم نہیں کیا جاسکتا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ ارکان کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر دیا گیا، وزیراعظم نے شہداء کی یادگار پر پھول رکھے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی، پاک فوج پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں حکومت کی بھرپور حمایت کرے گی۔

آرمی چیف نے دورے اور فوج پر اعتماد کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم اور کابینہ ارکان نے عسکری قیادت سے قومی سلامتی، علاقائی استحکام اور فوجی تیاریوں پر بات چیت کی۔ 

وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو موجودہ سیکیورٹی ماحول اور خطرات سے نمٹنے پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم اور کابینہ کو انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے