تجزیہ نگار کے خلاف ہسپانوی وزیراعظم پیدروسانچز کی اہلیہ کا ہرجانہ کا مطالبہ
Screenshot
ہسپانوی وزیراعظم پیدروسانچز کی اہلیہ بیگونیا گومز نے اس ٹی وی تجزیہ کار کے خلاف 20 ہزار یورو ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے جس نے ایک پروگرام میں انہیں “بیگونیو” کہہ کر مخاطب کیا تھا۔
مقدمہ Pilar Baselga کے خلاف دائر کیا گیا، جبکہ ٹی وی چینل Distrito TV نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ مدعیہ کی نجی شکایت کو اخراجات کی ادائیگی کے ساتھ مسترد کیا جائے۔ چینل کا مؤقف ہے کہ تجزیہ کار کے الفاظ قابلِ اعتراض ہو سکتے ہیں لیکن انہیں جرم قرار نہیں دیا جا سکتا۔
مقدمے کی سماعت مکمل ہو چکی ہے اور اب فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔ بیگوینا گومیز کی جانب سے ابتدائی طور پر دو سال قید کی سزا کا مطالبہ کیا گیا تھا، مگر بعد میں اسے کم کرتے ہوئے صرف مالی جرمانہ اور ہرجانے کی درخواست کر دی گئی۔ ان کے وکیل Gonzalo Martínez Fresneda نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ باسیلگا پر 21 ہزار یورو جرمانہ اور 20 ہزار یورو ہرجانہ عائد کیا جائے کیونکہ یہ “تشہیر کے ساتھ سنگین توہین” کا معاملہ ہے۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب پروگرام Los Intocables میں باسیلگا نے گومیز کو ٹرانس جینڈر قرار دیتے ہوئے انہیں “بیگونیو” کہا اور یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ مراکش میں مبینہ منشیات اسمگلنگ کے ایک نیٹ ورک سے منسلک ہیں۔
بیگوینا گومیز کے وکیل کے مطابق یہ “غیر ضروری اور بے بنیاد” بیانات تھے جنہوں نے اسپین اور لاطینی امریکا میں ان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض مذاق نہیں بلکہ ایک “افواہ کو ہتھیار بنا کر وزیراعظم کے خلاف عوامی بحث کو آلودہ کرنے کی کوشش” تھی۔
پروگرام کے منتظمین اور چینل نے بعد میں ان بیانات پر معذرت کرتے ہوئے پروگرام کو سوشل میڈیا سے ہٹا دیا، تاہم یہ اقدام نشریات کے آٹھ دن بعد کیا گیا، جب تک ویڈیو وسیع پیمانے پر وائرل ہو چکی تھی۔
سماعت کے دوران باسیلگا نے صرف اپنے وکیل کے سوالات کے جواب دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد بیگوینا گومیز پر کسی جرم کا الزام لگانا نہیں تھا اور نہ ہی وہ ان کی توہین کرنا چاہتی تھیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ گفتگو کا انداز “نامناسب” تھا لیکن ان کے بقول وہ ایسی باتوں کا حوالہ دے رہی تھیں جو پہلے ہی شائع ہو چکی تھیں۔
چینل کے قانونی نمائندے Jesús Ángel Rojo نے ذمہ داری باسیلگا اور پروگرام کے میزبان Eurico Campano پر ڈالتے ہوئے کہا کہ بحث کی سمت اور مہمانوں کا انتخاب میزبان کی ذمہ داری تھی۔ تاہم کیمپانو نے عدالت میں اس دعوے کی تردید کی۔
بیگوینا گومیز خود عدالت میں پیش نہیں ہوئیں کیونکہ کسی فریق نے ان کا بیان طلب نہیں کیا تھا۔اب عدالت کی جانب سے اس مقدمے کا فیصلہ سنایا جانا باقی ہے۔