سال کے اختتام تک مایوسی کے بادل چھٹ چکے ہوں گے، خالد مقبول
وفاقی وزیر اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ رواں سال کے اختتام تک مایوسی کے بادل چھٹ چکے ہوں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے 40ویں یوم تاسیس پر پی آئی بی گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جاگیردارانہ نظام میں ہم نے عام پاکستانیوں کو ایوانوں میں پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان واحد سیاسی جماعت جو نوجوان نسل کو کامیاب کروا کر اسمبلیوں میں بھیجتی رہی۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ایک بہت بڑے امتحان سے پچھلے سال گزری، ان شاءاللّٰہ یہ سال ختم ہوگا تو مایوسی کے بادل چھٹ چکے ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہماری کاوشوں سے پہلی مرتبہ 10 کے بجائے 5 سال میں مردم شماری ہوئی۔
کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ 40 سال پہلے ایم کیو ایم کی داغ بیل اے پی ایم ایس او نے ڈالی تھی اب یہ ایک تناور درخت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے جاگیردارانہ نظام ہوتے ہوئے عام پاکستانیوں کو ایوانوں میں پہنچایا، اب کی ایم کیو ایم مضبوط اور متحرک ہے کیونکہ پچھلا سال بہت مشکل تھا، اب مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے۔
تقریب میں مصطفیٰ کمال، انیس قائم خانی، امین الحق سمیت صوبائی اور قومی اسمبلی نشستوں کے منتخب اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کی طلباء تنظیم اے پی ایم ایس او کی مرکزی کمیٹی کا اعلان کردیا گیا، جس میں حافظ شہریار کو انچارج اے پی ایم ایس او منتخب کیا گیا۔