ناچو آباد کی پیدرو سانچیز پر سخت تنقید، مہاجرین کی ریگولرائزیشن کو “تضاد” قرار دے دیا
Screenshot
اسپین میں تارکینِ وطن کی بڑے پیمانے پر ریگولرائزیشن کا معاملہ سیاسی اور میڈیا حلقوں میں شدید بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ اسی تناظر میں نجی ٹی وی چینل Cuatro کے پروگرام “En boca de todos” میں معروف میزبان ناچو آباد نے وزیرِ اعظم پیدروسانچز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کی پالیسی کو “واضح تضاد” قرار دیا۔
پروگرام کے دوران ناچو آباد نے کہا کہ اسپین ایک بدلتا ہوا معاشرہ ہے جہاں مختلف ثقافتوں کا امتزاج ایک حقیقت بن چکا ہے، جسے تسلیم کرنا ضروری ہے۔ تاہم ان کے مطابق اصل مسئلہ نسل یا رنگ نہیں بلکہ قانون کی پاسداری ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جیسے کوئی شخص بغیر ٹکٹ کسی تقریب یا کھیل میں داخل ہو تو اسے نکال دیا جاتا ہے، اسی طرح غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے والوں کے ساتھ بھی قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔
ناچو آباد نے وزیرِ اعظم کے دو سال پرانے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت سانچز غیر قانونی مہاجرین کی واپسی کے حامی تھے اور اسے انسانی اسمگلنگ کے خلاف ضروری اقدام قرار دیتے تھے۔ ان کے مطابق موجودہ پالیسی اس مؤقف سے بالکل مختلف ہے، جس سے حکومتی رویے میں تضاد ظاہر ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ممکنہ طور پر اس معاملے کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کر رہی ہے، جیسے ووٹرز کی حمایت حاصل کرنا یا دیگر مسائل سے توجہ ہٹانا۔ پروگرام کے اختتام پر ناچو آباد نے وزیرِ اعظم کو “چالاک سیاسی کھلاڑی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ حالات کے مطابق اپنا مؤقف بدلتے ہیں، جس پر ملک میں بحث جاری ہے۔