سانتاکلوما دی گرامینیت ، پرائمری اسکول کے استاد کو بچوں کی فحش مواد رکھنے اور پھیلانے کے الزام میں گرفتار کر لیا
نیشنل پولیس کے مطابق، ملزم کے پاس ایک لاکھ سے زائد فائلیں موجود تھیں جن میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی سے متعلق مواد شامل تھا۔ تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا کہ وہ خود بھی سینکڑوں ایسی فائلیں آن لائن نیٹ ورک کے ذریعے دوسروں تک پہنچا رہا تھا۔
پولیس کے مطابق، تفتیش اس وقت شروع ہوئی جب اہلکاروں نے انٹرنیٹ نیٹ ورکس کی نگرانی کے دوران ایک صارف کو بچوں سے متعلق فحش مواد شیئر کرتے ہوئے پایا۔ یہ مواد eDonkey (P2P) نامی نیٹ ورک کے ذریعے تقسیم کیا جا رہا تھا، جہاں دنیا بھر کے صارفین ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ کر کے فائلیں شیئر کر سکتے ہیں۔
مزید تحقیقات کے بعد پولیس نے اس صارف کی شناخت کر لی اور اس کا مقام معلوم کر کے اس کے گھر پر چھاپہ مارا، جہاں سے اسے گرفتار کیا گیا۔
ملزم اس وقت بیماری کی چھٹی پر تھا۔ پولیس کے مطابق اس کے پاس تقریباً 3 ٹیرا بائٹ سے زیادہ حجم کا غیر قانونی مواد موجود تھا۔ اس کے علاوہ کمپیوٹرز، ہارڈ ڈرائیوز اور دیگر ڈیجیٹل آلات بھی ضبط کر لیے گئے ہیں۔
پولیس نے اس واقعے کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے مزید تفتیش جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔