بارسلونا اور لندن کے میئرز کا مشترکہ مؤقف: “شہروں میں رہنے کا حق” اور سستی رہائش اولین ترجیح
Screenshot
بارسلونا کے میئر جائیمےکولبونی نے لندن کے میئر صادق خان کے ساتھ ملاقات میں اس بات پر زور دیا ہے کہ شہریوں کو اپنے ہی شہروں میں رہنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔
یہ ملاقات Bloomberg CityLab 2026 کے موقع پر میڈرڈ میں ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے سستی رہائش اور ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے اپنی پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا۔
کولبونی کے مطابق “شہر میں رہنے کا حق” بنیادی طور پر سستی رہائش تک رسائی سے جڑا ہوا ہے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے کرایوں کو کنٹرول کرنے کی پالیسیوں اور 2028 تک بارسلونا میں سیاحتی اپارٹمنٹس ختم کرنے کی تجویز کو اہم قرار دیا تاکہ رہائشی استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے شہروں کو نئی اور اختراعی پالیسیوں کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ایسے چیلنجز ہیں جن کا پہلے سامنا نہیں ہوا۔
دونوں میئرز نے شہری ترقی کے نمایاں منصوبوں پر بھی گفتگو کی، خاص طور پر لارامبلہ (بارسلونا) اور اوکسفرڈ سٹریٹ (لندن) کی ازسرِ نو تشکیل پر، جن کا مقصد شہری مراکز کو دوبارہ مقامی لوگوں کے لیے فعال بنانا اور مقامی کاروبار کو فروغ دینا ہے۔
کولبونی نے کہا کہ لا رمبلا کو ثقافتی مرکز کے طور پر دوبارہ زندہ کیا جائے گا، جہاں تھیٹرز اور عجائب گھروں کو بحال کیا جائے گا۔
دوسری جانب، صادق خان نے بارسلونا کو دنیا کے دیگر شہروں کے لیے ایک “مینارِ نور” قرار دیا اور کولبونی کی ترقی پسند پالیسیوں کو سراہا، خاص طور پر مہنگائی کے بحران اور سیاحت کے چیلنج کو مقامی آبادی کے حق میں تبدیل کرنے کی کوششوں کو۔
انہوں نے بارسلونا کی ٹریفک اور فضائی آلودگی کے خلاف اقدامات کو بھی قابلِ تقلید قرار دیا اور کہا کہ شہروں کے درمیان مقابلے کے بجائے تعاون زیادہ ضروری ہے۔
آخر میں، دونوں رہنماؤں نے ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف جدوجہد میں ترقی یافتہ شہروں کی ذمہ داری کو تسلیم کرتے ہوئے گلوبل ساؤتھ کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔