بارسلونا میں کرایہ کی حد کی خلاف ورزی پر 200 سے زائد مقدمات، کاتالان حکومت کی سخت کارروائی
Screenshot
کاتالان حکومت نے بارسلونا میں کرایہ کی مقررہ حد (رینٹ کنٹرول) کی خلاف ورزی پر 200 سے زائد (210) تادیبی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ حکام کے مطابق، یہ شہر پورے کاتالونیا میں درج کیے گئے 529 کیسز میں سے تقریباً 40 فیصد پر مشتمل ہے۔
زیادہ تر معاملات میں کرایہ معینہ حد سے زیادہ وصول کیا جا رہا تھا، جبکہ دیگر بے ضابطگیوں میں کرایہ داروں سے ایجنسی فیس وصول کرنا اور معاہدوں میں قیام کے مقصد کا ذکر نہ کرنا شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق، تقریباً 417 گھروں (79 فیصد) میں کرایہ قانون میں مقرر کردہ حد سے زیادہ پایا گیا۔ کچھ کیسز میں مالکان نے غیرقانونی طور پر معاہدے کے اخراجات بھی کرایہ داروں پر ڈالے یا ضروری معلومات درج نہیں کیں۔
حکام نے خاص طور پر عارضی کرایہ (ٹمپریری رینٹل) کے معاہدوں پر بھی نظر رکھی ہے، جہاں قانون کے مطابق رہائش کے مقصد کو واضح کرنا لازمی ہے۔ چاہے کرایہ دار پیشہ ورانہ، طبی یا تعلیمی وجوہات کی بنا پر رہائش اختیار کریں، ان پر بھی کرایہ کی حد کا اطلاق ہوگا۔
مزید یہ کہ انسپکشن کے دوران ایسے کئی کیسز سامنے آئے جہاں معاہدوں میں عارضی رہائش کی وجہ درج نہیں کی گئی۔ خاص طور پر کمروں کے کرایے پر دیے جانے والے فلیٹس بھی نگرانی میں ہیں۔
اپریل میں کی گئی ایک کارروائی کے دوران 11 مقامات پر 17 انسپکشنز ہوئیں، جن میں 12 گھروں میں خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
دوسری جانب، 89 فیصد کیسز ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں، جبکہ 51 کیسز اس بنیاد پر بند کر دیے گئے کہ وہ نئے قانون کے نفاذ سے پہلے کے معاہدے تھے۔
ایک نمایاں کیس New Amsterdam Developers کے خلاف ہے، جس پر گراسیا کے علاقے میں کولِیونگ اپارٹمنٹس کے حوالے سے جرمانہ یا کارروائی جاری ہے۔ مقامی حکام پہلے ہی اسے شہری قوانین کی خلاف ورزی پر 20 ہزار یورو سے زائد جرمانہ کر چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے قوانین کے بعد مزید سخت کارروائی اور جرمانوں میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔