کاتالونیا میں ہر ہفتے ایک سے زائد فائرنگ کے واقعات، زیادہ تر منشیات فروش گروہوں کی “علاقے پر قبضہ ظاہر کرنے کوشش

Screenshot

Screenshot

کاتالونیا میں فائرنگ کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جہاں اوسطاً ہر ہفتے ایک سے زیادہ فائرنگ کے کیس سامنے آ رہے ہیں۔ حکام کے مطابق ان میں سے زیادہ تر واقعات منشیات کے کاروبار سے وابستہ گروہوں کی جانب سے اپنے اثر و رسوخ اور علاقے پر قبضہ ظاہر کرنے کے لیے کیے جاتے ہیں۔

موسوس دی اسکوادرا (کاتالان پولیس) نے اس بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر اسلحے کی تلاش کے لیے چیکنگ مزید سخت کر دی ہے، کیونکہ ان واقعات کا تعلق خاص طور پر چرس (ماریجوانا) کی اسمگلنگ سے جوڑا جا رہا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ فائرنگ اکثر جان لینے کے لیے نہیں بلکہ دھمکانے کے لیے کی جاتی ہے، جیسے ہوائی فائرنگ یا عمارتوں پر گولیاں چلانا تاکہ دوسرے گروہوں کو طاقت کا پیغام دیا جا سکے۔ تاہم اس کے باوجود بے گناہ شہریوں کے زخمی ہونے کا خطرہ موجود رہتا ہے، جیسا کہ حال ہی میں بادالونا میں ایک 10 سالہ بچی گولی لگنے سے زخمی ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں کاتالونیا میں 93 فائرنگ کے واقعات ریکارڈ ہوئے، جو 2024 کے مقابلے میں تقریباً 35 فیصد زیادہ ہیں۔ جبکہ 2026 کے ابتدائی مہینوں میں ہی تقریباً 30 واقعات سامنے آ چکے ہیں۔

یہ واقعات زیادہ تر بارسلونا اور اس کے میٹروپولیٹن علاقوں میں پیش آتے ہیں، جہاں منظم جرائم پیشہ گروہوں کے سرغنہ رہتے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اگرچہ جنگی ہتھیار کم دیکھنے میں آتے ہیں، لیکن پستول اور شاٹ گن عام ہیں اور جرائم پیشہ گروہ انہیں ایک دوسرے کے خلاف اور اپنے دفاع کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

مزید یہ کہ کچھ گروہ منشیات کے بدلے اسلحہ حاصل کر رہے ہیں، جس سے صورتحال مزید خطرناک ہو رہی ہے۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین جنگ کے بعد غیر قانونی اسلحے کے یورپ میں پھیلنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

حکام کے مطابق ماریجوانا کی غیر قانونی تجارت سے جڑے خطرات بہت زیادہ ہیں، کیونکہ اس میں ملوث گروہ نہ صرف مسلح ہیں بلکہ ایک دوسرے کے خلاف حملے، اغوا اور لوٹ مار جیسے جرائم بھی کرتے ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے