گھر کے اخراجات نے نوجوانوں اور تارکینِ وطن کو غربت کی طرف دھکیل دیا، ہر پانچ میں سے ایک ہسپانوی متاثر
Screenshot
رہائش کے اخراجات نے کمزور معاشی حالات رکھنے والے طبقات کو مزید دباؤ میں ڈال دیا ہے۔ ایک نئی تحقیق کے مطابق، کرایہ یا ہاؤسنگ لون اور اس سے جڑے دیگر اخراجات ادا کرنے کے بعد تقریباً ہر تین میں سے ایک نوجوان گھرانہ (32.9 فیصد) اور آدھے سے زیادہ تارکینِ وطن خاندان (52.3 فیصد) غربت کی حالت میں چلے جاتے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث مجموعی طور پر ہر پانچ میں سے ایک سے زیادہ ہسپانوی شہری (تقریباً 23 فیصد) غربت کا شکار ہو رہے ہیں۔
اسپین میں رہائش تک رسائی اب عدم مساوات کی ایک بڑی وجہ بن چکی ہے۔ اگرچہ مجموعی طور پر صرف 9 فیصد گھرانے اپنی آمدنی کا 40 فیصد سے زیادہ رہائش پر خرچ کرتے ہیں، لیکن یہ شرح نوجوانوں میں 19.6 فیصد اور تارکینِ وطن میں 25.8 فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق مسئلے کی ایک بڑی وجہ سستے سرکاری کرائے کے گھروں کی کمی ہے، جس کے باعث کم آمدنی والے افراد کے لیے مناسب رہائش حاصل کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ 2021 سے 2025 کے درمیان جہاں تقریباً 9 لاکھ 65 ہزار نئے گھرانے بنے، وہیں صرف 4 لاکھ 54 ہزار نئے مکانات تعمیر کیے گئے۔ یعنی ضرورت کے مقابلے میں صرف 45 فیصد رہائش فراہم کی جا سکی، جس سے مکانات کی قلت اور قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
یہ مسئلہ خاص طور پر ان علاقوں میں زیادہ شدید ہے جہاں روزگار اور تعلیم کے مواقع زیادہ ہیں، جیسے میڈرڈ، کاتالونیا، ویلنشیا اور اندلس، خاص طور پر بڑے شہروں اور ان کے مضافاتی علاقوں میں۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی غربت کی شرح 19.5 فیصد ہے، لیکن اگر رہائش کے اخراجات نکال دیے جائیں تو یہ شرح بڑھ کر 23 فیصد ہو جاتی ہے۔ نوجوانوں میں یہ شرح 24.5 فیصد سے بڑھ کر 32.9 فیصد اور غیر ملکیوں میں 44.7 فیصد سے بڑھ کر 52.3 فیصد ہو جاتی ہے۔
مزید یہ کہ تقریباً 45 فیصد نوجوان اور 63 فیصد تارکینِ وطن کرائے کے گھروں میں رہتے ہیں، جو مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ کم آمدنی، بچت کی کمی اور خاندانی مالی سہارا نہ ہونے کے باعث تارکینِ وطن کے لیے گھر خریدنا مشکل ہوتا ہے، جبکہ نوجوان کم تنخواہوں اور سخت قرض شرائط کی وجہ سے کرائے پر رہنے پر مجبور ہیں۔
گزشتہ 20 سالوں میں کرائے پر رہنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو 21 لاکھ سے بڑھ کر 39 لاکھ ہو چکی ہے۔ اس وقت اسپین کی تقریباً 20 فیصد آبادی کرائے کے گھروں میں رہتی ہے، اور کم آمدنی والے افراد کے لیے یہی واحد آپشن ہونے کے باعث انہیں اپنی آمدنی کا بڑا حصہ رہائش پر خرچ کرنا پڑتا ہے۔