جیجی اور بیلا کی بہن الانا نے اسرائیلی مظالم بے نقاب کرنے کیلئے اقدام

فوتو بشکریہ انسٹاگرام

فلسطینی نژاد معروف امریکی سُپر ماڈلز جیجی حدید اور بیلا حدید کی بڑی بہن، فیشن ڈیزائنر و ماڈل الانا حدید نے فلسطین پر جاری اسرائیلی مظالم کو پوری دُنیا کے سامنے لانے کے لیے اپنی پروڈکشن کمپنی متعارف کروا دی۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق الانا حدید نے اپنی پروڈکشن کمپنی کا نام’واٹرمیلن پکچرز‘ رکھا ہے اور کمپنی کا لوگو بھی فلسطین کے جھنڈے سے مشابہت رکھنے والے پھل تربوز یعنی’واٹر میلن‘ ہی ہے۔

واٹر میلن پروڈکشن کمپنی کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر جاری کردہ ایک پرومو میں بتایا گیا کہ اب ہماری پروڈکشن کمپنی مسئلہ فلسطین کو پوری دنیا کے سامنے لانے کے لیے میدان میں ہمیشہ موجود رہے گی اور ہم دنیا کے تمام پلیٹ فارمز پر فلسطین کی کہانی اصل حقائق کے ساتھ پیش کریں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلسطین پر اسرائیلی قبضے اور مظالم کی تاریخ پر مبنی الانا حدید کی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے بننے والی پہلی  فلم کا نام  ’والڈ آف (Walled Off)‘ ہے جسے بہت جلد ریلیز کیا جائے گا۔

یہ فلم  بیت المقدس میں مقبوضہ مغربی کنارے کے قریب موجود’والڈ آف ہوٹل‘ کی کہانی پر مبنی ہے جو برطانوی اسٹریٹ آرٹسٹ بینکسی کی مالی اعانت اور ڈیزائن کردہ دیوار کے سامنے ہے۔

فلسطینی و اطالوی نژاد امریکی فلمساز ون آرفوسو اس فلم کے رائٹر اور ڈائیریکٹر ہیں جبکہ الانا حدید کے سوتیلے بھائی انور حدید شریک پروڈیوسر ہیں۔ 

اس دستاویزی فلم کے دیگر پروڈیوسرز میں نیلسن منڈیلا کے پوتے اور پنک فلائیڈ کے شریک بانی راجر واٹرس شامل ہیں۔

واضح رہے کہ الانا حدید، جیجی اور بیلا حدید کی سوتیلی بہن ہیں اور اپنی چھوٹی بہنوں کی طرح مسلسل مظلوم فلسطینیوں کے حق میں اپنی آواز اُٹھاتی رہتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے