بارسلونا (دوست نیوز/ثاقب علی راٹھور)کرم الٰہی اسلامک سنٹر بارسلونا اور دارالعرفان اسلامک سنٹر بارسلونا سپین کے زیر اہتمام عظیم الشان انٹرنیشنل میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس کی صدارت اور خصوصی خطاب صاحبزادہ پیر سید عرفان علی بخاری بانی و سرپرست دارالعرفان اسلامک سنٹر بارسلونا نے کیا۔جس میں کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول، نوجوانوں، بزرگوں اور بچوں نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت خوان حضرات نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔

کانفرنس میں علماء کرام نے جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی فضیلت و اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے رحمت ہے اور آپ ﷺ کی سیرت طیبہ پر عمل ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔ علماء نے کہا کہ محافل میلاد سے دلوں میں عشق رسول ﷺ تازہ ہوتا ہے اور امت میں اتحاد و محبت پیدا ہوتی ہے۔محفل کے میزبان حافظ محمد بلال اصغر ڈائریکٹر کرم الٰہی سنٹر تھے۔دیگر مہمان علماء و نعت خوانان میں حافظ عطاء المصطفیٰ نقشبندی، پروفیسر اقبال نقشبندی اور محمد شاہد حیدر کمالی اور دیگر نے نعت رسول مقبول ﷺ اور ایمان افروز خطابات پیش کیے۔

علماء کرام کا کہنا ہے کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کا اصل مقصد حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات، آپ ﷺ کی سیرت اور سنت پر عمل پیرا ہونا ہے۔ اس دن ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم محبت، بھائی چارے، رواداری اور امن کے پیغام کو عام کریں گے جو ہمارے پیارے نبی ﷺ نے دنیا کو دیا۔محفل میں خصوصی خطاب صاحبزادہ پیر سید عرفان علی بخاری نے فرمایا۔ انہوں نے سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ تمام انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے پر فتن دور میں سیرت النبی ﷺ کو اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔جبکہ انتظام و انصرام ساجد علی سعیدی(مرکزی صدر

دارالعرفان)، ماجد علی، حاجی عبدالوحید، حاجی عبدالرزاق گوندل اور صوفی محمد مسلم نے سنبھالے۔آخر میں انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ شرکاء محفل میں قرعہ اندازی کے ذریعے 6 عمرہ ٹکٹس تقسیم کیے جائیں گے۔1-کرم الہی اسلامک سنٹر،2-داتا ریسٹوررنٹ (عبدالوحید اور ماجد علی)3-علی بابا کیش اینڈ کیری (چوہدری عدیل) 4-حاجی محمد رزاق گوندل،محمد اشرف ،چوہدری طارق ،5-حافظ محمد افضل ،وقاص علی ملک حمزہ 6 عجوہ ریسٹورنٹ نے عمرہ کے ٹکٹ دئیے جو چھ خوش نصیب لوگ جن کے عمرہ کے ٹکٹ قرعہ اندازی میں نکلے،شرکاء نے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی محافل ہمارے ایمان کو تازہ کرتی ہیں اور نئی نسل کو اپنے دین اور نبی ﷺ سے جوڑنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ محفل انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
