Screenshot
اسپین کی مردوں کی ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ اسپین نے نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹیلوین کے ویگنر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز سیمی فائنل میں میزبان اور موجودہ اولمپک چیمپئن نیدرلینڈز کو 4-3 سے شکست دے دی۔
اس فتح کے ساتھ اسپین 28 سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا ہے۔ اسپین اس سے قبل 1971 میں بارسلونا اور 1998 میں یوٹریخت میں ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچا تھا، تاہم دونوں مرتبہ عالمی چیمپئن بننے میں ناکام رہا۔ اب اسپین کے پاس تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کا طلائی تمغہ جیتنے کا موقع ہے۔
میچ کے آغاز میں میزبان نیدرلینڈز نے اسپین پر زبردست دباؤ ڈالا اور کئی خطرناک حملے کیے، لیکن اسپین کے گول کیپر لوئیس کالسادو نے شاندار دفاع کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو بچائے رکھا۔ نیدرلینڈز نے دوسرے کوارٹر میں کوئن بیجن کے گول سے 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
دوسرے ہاف میں اسپین نے کھیل پر گرفت مضبوط کی۔ خوسے باسترانے شاندار گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ آخری کوارٹر میں اسپین نے زبردست کھیل پیش کیا اور باسترا نے دوبارہ گول کرکے ٹیم کو 2-1 کی برتری دلائی۔ اس کے بعد پیپے کونیّ نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے اسپین کی برتری 3-1 کردی۔
نیکو الواریز کو پنالٹی اسٹروک ملنے کے بعد باسترا نے ایک اور گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور اسپین کو 4-1 سے آگے کردیا۔ نیدرلینڈز نے آخری لمحات میں دو گول کرکے مقابلہ 4-3 تک پہنچا دیا، لیکن اسپین نے شاندار دفاع کرتے ہوئے فتح اپنے نام کرلی۔
میچ کے دوران نیدرلینڈز کے کھلاڑی ڈوکو ٹیلگن کیمپ کو اسپین کے کھلاڑی شاوی گیسپرٹ کے ساتھ بدسلوکی پر 10 منٹ کی معطلی بھی ملی۔
اب اسپین کا فائنل میں مقابلہ جرمنی یا ارجنٹینا سے ہوگا۔ فائنل اتوار کو شام 4:30 بجے کھیلا جائے گا۔ اسپین پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کے لیے میدان میں اترے گا۔
